34

عورت مارچ اور اسلام

عورت مارچ اور اسلام

تحریر:عامر شہزاد

ایک ایسا زمانہ بھی تھا جب لڑکیوں کو زندہ دفن کیا جاتا تھا. خواتین کا کوئی مقام، عزت اور حیثیت نہیں تھی. یہ سب زمانہ جاہلیت میں ہوتا تھا. پھر اسلام آیا، اسلام نے خواتین کو زندہ دفن کرنے سے بچایا، خواتین کو زندگی دی.

جائیداد میں حصہ دیا. عزت دی، مقام دیا، ہر طرح کا تحفظ فراہم کیا. بحیثیت ماں عورت کے قدموں تلے جنت رکھ دی. بحیثیت بیٹی عورت کی اچھی تعلیم و تربیت کے بدلے جنت کی بشارت دے دی. بحیثیت بیوی عورت کو اللہ تعالیٰ، رسولﷺ اور شوہر کی اطاعت کے بدلے جنت کی خوشخبری سنائی. یہ اسلام ہی ہے جس نے دوران زچگی عورت کی موت کو شہادت کا درجہ دیا. اسلام نے عورت کو مرد کے برابر لا کھڑا کیا.

ایک جنگ میں صحابئ رسولؐ حضرت سعد بن ربیع رضی اللہ تعالیٰ عنہہ شہید ہو گئے. آپ کافی مالدار تھے. آپکی شہادت کے بعد آپکے بھائی نے تمام مال پر قبضہ کر لیا. حضرت سعد رضی اللہ تعالیٰ عنہہ کی بیوہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پاس تشریف لائیں اور اپنی پریشانی بتائی تو اللہ تعالیٰ نے خواتین کے حقوق کے لئے ایک پوری سورۃ “النساء” نازل فرما دی. اس سورۃ میں اللہ تعالیٰ نے خواتین کے تمام حقوق بیان فرما کر عورتوں کو ان کے حقوق کی ضمانت فراہم کردی اور قیامت تک خواتین کے مسائل حل کر دئیے

. حضرت عباس رضی اللہ تعالیٰ ساتھی صحابیوں سے فرماتے تھے کہ مجھ سے سورۃ النساء کے بارے میں پوچھو، اس میں عورتوں کے متعلق احکامات بیان کئے گئے ہیں. فرماتے ہیں کہ میں نے سورۃ النساء کو خصوصی اہتمام سے سیکھا ہے کیوں کہ اس میں پردے کے احکام، شادی بیاہ کے مسائل، رشتے داری کے احکام، معاشرتی اور سماجی مسائل، نکاح اور بیاہ کے مسائل اور یتیم بچی کے مسائل پر بحث کی گئی ہے. زمانہ جاہلیت میں یتیم بچیوں پر بہت ظلم کیا جاتا تھا.

پاکستان میں چند سالوں سے عورت کے حقوق کی آڑ میں اسلام دشمنی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے. شرعی اقدار کا کھلم کھلا مذاق اڑایا جا رہا ہے. سب سے پہلے MeToo والی کچھ طلاق یافتہ Feminist خواتین نے تحریک چلائی. اسی MeToo کی بنیاد پر متنازعہ تنظیم “عورت مارچ” معرض وجود میں آئی. تنظیم “ہم عورتیں” کی سہولت کاری اور شراکت داری سے کراچی میں 8 مارچ 2018 کو پہلی بار عورت مارچ کا انعقاد ہوا اور متنازعہ پلے کارڈز اور نعروں کی وجہ سے مارچ کی

انتظامیہ اور شرکاء کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا. خواتین کے عالمی دن کے موقع پر باقاعدگی سے عورت مارچ کیا جا رہا ہے. 8 مارچ 2021 کو اسلام آباد میں ہونے والا مارچ انتہائی شرمناک اور بے ہودہ تھا. جس میں شرمناک اور غیر اخلاقی پلے کارڈز کے ساتھ ساتھ ایک گستاخانہ پلے کارڈ بھی شامل تھا جس کی بعد میں تردید کی گئی، حالانکہ وہ پلے کارڈ پوری دنیا نے دیکھا. LGBT تنظیم کا جھنڈا بھی شامل مارچ تھا.

عورت مارچ کی متعدد ذیلی تنظیمیں یا سہولت کار جماعتیں بھی ہیں جیسا کہ WDF یا Women Democratic Front اور WAF مطلب Women Action Forum اور کچھ طلبہ تنظیمیں بھی شامل ہیں. ان سب کا ایک ہی ایجنڈا ہے.اگر خواتین شرعی، اخلاقی اور آئینی حدود میں رہتے ہوئے اپنے جائز حقوق کا مطالبہ کریں تو کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا بلکہ سارا معاشرہ ان کا ساتھ بھی دے گا. مثلاً
جائیداد میں حصہ
معیاری تعلیم کے لئے مطالبہ
جہیز کے خلاف تحریک
مرضی کے خلاف شادی…
خواتین کے جسمانی یا جنسی تشدد کے خلاف سزاؤں کا مطالبہ وغیرہ مگر خواتین کے نعرے اور مطالبے انتہائی فحش، بے ہودہ اور غیر اخلاقی ہیں. عورت مارچ کی خواتین کو ہر حال میں ہر وقت ہر طرح کی آزادی چاہئے.
لاحول ولاقوة الا بالله

اگر آپ خواتین پر سب سے زیادہ جنسی اور جسمانی زیادتی اور تشدد کرنے والے ممالک کو دیکھیں تو سب سے زیادہ واقعات وہاں ہو رہے ہیں جو ترقی یافتہ اور غیر مسلم ممالک ہیں. وہاں کوئی عورت مارچ کی تنظیم نہیں. سب سے زیادہ واقعات جنوبی افریقہ، امریکہ، جرمنی، برطانیہ اور فرانس جیسے بڑے ممالک میں رونما ہوتے ہیں

. جو آزاد خیال اور ملحد ممالک ہیں. پاکستان کا شمار آخری چند ممالک میں ہوتا ہے مطلب خواتین کے ساتھ ناخوشگوار واقعات نہ ہونے کے برابر ہوتے ہیں مگر لبرل خواتین و مرد اسلام اور اسلامی اقدار کو نشانہ بناتے ہوئے چادر اور چاردیواری کی حدود سے تجاوز کرنا چاہتے ہیں.

پاکستان میں 2 فیصد سے بھی کم خواتین لبرل، اسلام دشمن یا اسلام سے دوری کی وجہ سے ناواقف یا لاعلم ہیں، یہی دو فیصد علمی یا لاعلمی میں عورت مارچ جیسی انتہائی متنازعہ، غیرشرعی اور غیر اخلاقی ریلی اور مارچ کا حصہ بنتی ہیں. یہ بات انتہائی پریشان کن اور حیران کن ہے کہ حکومت اور قوم کی بھرپور

مخالفت کے باوجود باقاعدگی سے عورت مارچ کا انعقاد ہو رہا ہے اور ہر آئندہ سال گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ فحاشی اور بدتمیزی والا ہوتا ہے. عورت مارچ کے لئے کون فنڈنگ کر رہا ہے اور کس کے ذریعے فنڈنگ کر رہا ہے؟ ریاست، حکومت اور قوم اچھی طرح جانتی ہے مگر ابھی تک نتیجہ صفر ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں