39

غفار مینگل مرحوم کی فنی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا

غفار مینگل مرحوم کی فنی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا

تحریر وتصاویر۔ خالد حسین

پاکستان ٹیلی ویژن کوئٹہ مرکز اور پی ٹی وی بولان کے بلوچی ،براہوئی اور اُردو کے سینئر فنکار غفار مینگل طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے ہیں گزشتہ تحریر میںغفار مینگل کی وفات سے متعلق محض چند الفاظ لکھنے کا موقع ملا تھا کیونکہ تحریر بالکل لکھنے کے آخری مرحلے میں تھی اور وقت بہت کم تھا

اس وجہ سے صرف چند کلمات لکھنے کا موقع ملا تھا زیر نظر تحریر صوبے کے معروف سینئر اداکار مرحوم غفار مینگل کے نام کرتا ہوں ۔ قارئین ۔ غفار مینگل مرحوم جو آٹھ سال زندگی اور موت کی کشمش میں مبتلاء رہنے کے بعد گزشتہ ہفتے خالق حقیقی سے جا ملے ہیں اُن کی وفات سے صوبہ ایک بہت بڑے فنکار سے محروم ہوگیا ہے اُن کی اعلیٰ خدمات سے کسی طور بھی انکار ممکن نہیں ہے وہ آج ہمارے درمیان موجود نہیں ہیں

مگر اُن کی اعلیٰ فنی خدمات کو ہر موڑپر یاد رکھا جائے گا لاتعداد بلوچی ، براہوئی اور اُردو ڈراموں میں تاریخی اور یاد گار کردار ادا کرنے والے مرحوم غفار مینگل کو اُن کی اعلیٰ فنی خدمات پر خراج عقیدت پیش کرتا ہوں اور مرحوم کی خدمات سے متعلق صوبے کے فنکاروں نے مجھے میری تحریر کے لیے جو پیغامات بھجوائے وہ قارئین کی خدمت میں پیش کرتا ہوں ۔اعجاز احمد بلوچ(پروڈیوسر)۔غفار مینگل ایک مخلص دوست کے روپ میں ہمیشہ ہر فنکار کے ساتھ رہے فنکاروں کے مسائل کے حل کے لیے مرحوم نے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں

پی ٹی وی میں نئے فنکاروں کو متعارف کروانے میں اُن کا ہمیشہ اہم کردار رہا ہے مرحوم ایک بہت اچھے اداکار ہونے کے ساتھ ساتھ ایک بہترین انسان تھے میں نے بزات خود مرحوم ٖغفار مینگل کو ہر غریب اور جونیئر فنکار کی مدد کرتے دیکھا ہے مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ یادر کھا جائے گا۔
شائستہ صنم (اداکارہ )۔ مرحوم غفار مینگل کی شخصیت اور اُن کی خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں وہ ایک ورسٹائل اداکار تھے

اُنہوں نے اپنے کیئر ئیر میں بہت بہترین اور مشکل کردار ادا کئے وہ ایک اچھے انسان تھے اُن کی فنی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہوں زندگی کے آخری ایام میں اُنہیں جس طرح نظر انداز کیا گیا اور وہ علاج کے لیے مالی امداد کی اپیلیں کرتے رہے وہ بلاشبہ بہت دکھ کی بات ہے کلچرل ڈیپارٹمنٹ کو اس طرف توجہ دینی ہوگی اور فنکاروں کو اس طرح نظرانداز کرنا انتہائی دکھ اور تکلیف دہ بات ہے ۔
آصف جہانگیر( اداکار رائٹر) ۔غفار مینگل مرحوم ایک سینئر اور منجھے ہوئے فنکار تھے ،جب پی ٹی وی کوئٹہ سینٹر سے کام کا آغاز ہو ا تو غفار مینگل اُس دور سے پی ٹی وی سے وابسطہ رہے اُنہوں نے ناقابل فراموش کردار ادا کئے جیسے مہراب خان ، چاکر اعظم ، نورا مینگل مرحوم نے تاریخی ڈراموں اور سیریزسمیت لاتعداد بلوچی ، براہوئی ، اُردو ڈراموں میں کام کیا وہ ایک بہت ہی شفیق اور ملنسار انسان تھے جو ہمیشہ دلوں میں زندہ رہیں گے

۔ میری دعا ہے کہ اللہ پاک اُنہیں کروٹ کروٹ جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا ء فرمائے آمین ۔مسکان ملک (اداکارہ)۔ غفار مینگل صوبے کا قیمتی اثاثہ تھے اُنہوں نے اپنی ساری زندگی فن کے لیے وقف کررکھی تھی وہ ایک فنکار ہی نہیں تھے ایک اچھے اوربااخلاق انسان ہونے کے ساتھ ساتھ ایک اچھے راہنما بھی تھے اُنہوں نے صوبے کے فنکاروں کے مسائل کے حل کے لیے بھی ڈھیروں خدمات انجام دی ہیں

مرحوم غفار مینگل کی خدمات کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جائے گا ۔ثنا ء بابر (اداکار) چیئر مین ساگر اکیڈمی مستونگ۔ مرحوم غفار مینگل ایک مخلص انسان اور ایک بہترین اُستاد تھے جو اب ہمارے درمیان نہیں ہیں اُن کی وفات سے مستونگ کے فنکاروں کو بے حد دکھ ہوا ہے مرحوم کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور اُن کے بلند درجات کے لیے دعا گو ہیں ۔
زاہدہ بلوچ (اداکارہ ، کمپیئر)

مرحوم غفار مینگل ایک بہت ہی درد مند اور شفیق انسان تھے اُن کی اعلیٰ خدمات اور خوش اخلاقی سے صوبے کا ہر فنکار واقف ہے وہ ایک فیملی ممبر کی طرح ہر فنکار کے ساتھ پیش آتے تھے آج ہم ایک بہت اچھے فنکار اور ایک باصلاحیت و باکردار انسان سے محروم ہوگئے ہیں اللہ پاک مرحوم کے درجات بلند فرمائے آمین ۔
علی سمالانی (اداکار ، کمپیئر) ۔ غفار مینگل مرحوم کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں وہ ایک بہتر ین اداکار ہونے کے ساتھ ساتھ بہترین شخصیت کے مالک تھے ۔عثمان لہڑی (اداکار ، کمپیئر)۔ میں دعا گو ہوں کہ اللہ پاک مرحوم غفار مینگل کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطاء فرمائے مرحوم میرے ایک بہت اچھے دوست تھے اور کئی ڈراموں میں ہم نے ایک ساتھ کا م بھی کیا اُس کی دوستی کی ایک بات یہ بھی بتاتا چلوں کہ جب ہم ڈرامے میں کام کرتے تھے یا کسی دوست کو کوئی مشکل پیش آتی تھی

یا کسی دوست کے لیے کوئی آواز اُٹھانی پڑتی تھی یا کسی دوست کو کسی چیز کی ضرورت پیش آتی تھی تا غفار مینگل ہمیں یہ کہتا تھا کہ آپ لوگ بیٹھومیں آپ کا یہ مسلہ حل کرنے کی کوشش کروں گا اور وہ کوشش کرکے آتا تھا ، مرحوم ڈھیروں خوبیوں کے مالک تھے اور سب سے بڑی بات یہ تھی کہ جن کے پاس کچھ بھی نہ ہوتا وہ اُن غریب اور لاچار افراد کے لیے بہت زیادہ محنت کرتے تھے ، غفار مینگل کی کمی شائد مدتوں پوری نہ ہوسکے

وہ پی ٹی وی کوئٹہ سینٹر کے ایک ہردل عزیز شخصیت تھے محبت کرنے والے دوست تھے اور فنکاروں کو ایک پلیٹ پر اکٹھا کرنے کے لیے اُن کی کوششوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔لالامحمد انور(اداکار)۔ مرحوم غفار مینگل ایک بہت پیارے انسان تھے اُن کی وفات کا سن کر بہت دکھ ہوا مرحوم ایک صوبے کے لیے ایک بہت بڑا سرمایہ تھے وہ ایک بہت ہی ہنس مکھ انسان تھے آج ہم اُن سے محروم ہوگئے ہیں

۔ اللہ پاک کے حضور اُن کی مغفرت کے لیے دعا گو ہوں ۔تانیہ خان (اداکارہ ، کمپیئر ) ۔غفار مینگل کی وفات کا سن کر بہت دکھ ہوا میری دعا ہے کہ اللہ پاک مرحوم کی مغفرت فرمائے اور پسماندگان کوصبروجمیل عطا ء فرمائے ۔قارئین ۔ بات کرتے ہیںصوبے کے مشہور فنکارو کمپیئر صداقت بٹ کے بھائی اور بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے چمکتے دمکتے ستارے چیف سلیکٹر بلوچستان ہاکی ٹیم مجاہد اسلام بٹ کی سڑک حادثے

میں شہادت کی جوکہ ایک بہت ہی افسوسناک خبر ہے جس پر دلی دکھ کا اظہارکرتے ہیں واضع رہے کہ مرحوم گزشتہ ہفتے وزیر اعظم کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت خضدار میں ہاکی ٹرائلز کے بعد کوئٹہ واپس آرہے تھے

کہ غوث آباد کے قریب اُن کی کار حادثے کا شکار ہوگئی جس میں مجاہد اسلام بٹ سمیت چار ہاکی آفیشلز موقع پر ہی شہید ہوگئے تھے بلاشبہ یہ ناصرف ہمارے لیے بلکہ صوبے کے ہاکی کے میدان کے لیے ایک بہت بڑا نقصان ہے اور یہ خلاء مدتوں پُر نہیں ہوسکے گا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں