Site icon FS Media Network | Latest live Breaking News updates today in Urdu

کائنات رحمٰن

کائنات رحمٰن

عنوان : عشرہ ذی الحجہ

ازقلم : کائنات رحمٰن

کتنا مہربان ہے نا ہمارا رب!
ہمیں اتنی نعمتوں کے خزانے عطا فرمائے اور ہمیں اتنی محبت کے ساتھ اپنی عبادت کے طریقے سکھائے کہ کس طرح ہم کم سے کم وقت میں ڈھیروں نیکیاں کما سکتے ہیں اور اپنے رب کو راضی کر سکتے ہیں۔
سبحان اللّٰه!
عشرہ ذو الحج سال کے بہت خوبصورت ایام ہیں۔ یوں تو ذوالحجہ کا پورا مہینہ ہی قابل ِ احترام ہے لیکن اس کے ابتدائی دس دن تو بہت ہی فضیلت اور عظمت والے ہیں۔ ذوالحجہ کے پہلے دس دن اسلامی سال کے بہت اہم دن ہیں، جن کی فضیلت قرآن و حدیث میں بیان کی گئی ہے۔ قرآن کریم میں اللّٰه سبحانہ وتعالیٰ نے سورہ الفجر کی ابتدائی آیات میں ان دس راتوں کی قسم کھائی ہے جو ان کی عظمت کو ظاہر کرتی ہے۔
“والفجر، ولیال عشر” (الفجر 89:1-2)
مفسرین کے مطابق یہاں “ولیال عشر” سے مراد ذوالحجہ کے پہلے دس دن ہیں۔
عشرہ ذی الحجہ (ذوالحجہ کے پہلے دس دن) میں اعمال کی بہت زیادہ فضیلت ہے اور ان دنوں میں نیک کام کرنا اللّٰه تعالیٰ کو بہت پسند ہے۔میں
نبی کریم ﷺ نے فرمایا:
“ذوالحجہ کے پہلے دس دنوں میں کئے جانے والے نیک اعمال اللّٰہ کو سب سے زیادہ محبوب ہیں۔”
ذوالحجہ کے پہلے دس دنوں میں تکبیرات، تہلیلات، اور تحمیدات کی گونج دلوں کو اللّٰه کی عظمت سے بھر دیتی ہے۔
عشرہ ذی الحجہ کے دنوں میں اللّٰه پاک کی رحمتیں اور برکتیں بے حد نازل ہوتی ہیں، یہ ایام مسلمانوں کے لیے بہترین موقع ہیں کہ وہ اپنی روحانی زندگی کو مزید سنوارسکیں۔ ان دنوں میں عبادات کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے۔ ہر نیک عمل کا اجر کئی گنا بڑھا دیا جاتا ہے۔ یہ دن ہمیں اپنی زندگی کے مقصد کو سمجھنے، اپنے اعمال کا محاسبہ کرنے اور اللّٰه کی رضا کی تلاش میں لگ جانے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔

عرفہ کا دن، جو ان دس دنوں میں شامل ہے، حج کے مناسک کا اہم حصہ ہے اور اس دن کا روزہ رکھنے کی خصوصی فضیلت ہے۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ عرفہ کے دن کا روزہ پچھلے اور اگلے سال کے گناہوں کا کفارہ ہے، جو اس دن کی اہمیت کو واضح کرتا ہے۔ عید الاضحیٰ کے موقع پر قربانی دینا حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت کی پیروی ہے اور یہ عمل اللّٰہ کی خوشنودی کا سبب بنتا ہے۔ قربانی کے گوشت کو تقسیم کرکے غریب اور محتاج لوگوں تک پہنچانا، اسلامی روح اور بھائی چارے کی عمدہ مثال ہے۔

یہ ایام ہمیں یہ بھی یاد دلاتے ہیں کہ اسلام میں اجتماعیت اور بھائی چارے کی کتنی اہمیت ہے۔ حج کے دوران دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں مسلمان ایک ہی لباس، ایک ہی نیت اور ایک ہی مقصد کے تحت جمع ہوتے ہیں جو کہ اتحاد و یگانگت کی بہترین مثال ہے۔ لہٰذا ان ایام میں ہمیں اپنے دلوں کو نرم کرنا چاہیے، اپنے ارد گرد کے لوگوں کے ساتھ حسن سلوک کرنا چاہیے اور اپنے اعمال میں خلوص پیدا کرنا چاہیے۔ عشرہ ذی الحجہ ہمیں زندگی کی حقیقتوں اور آخرت کی تیاری کی یاد دہانی کرواتا تاکہ ہم دنیاوی زندگی کے ساتھ ساتھ اپنی آخرت کی بھی فکر کریں اور اللّٰه سبحانہ وتعالیٰ کی خوشنودی حاصل کریں۔
اللّٰه سبحانہ وتعالیٰ ہمیں بہترین عبادات اور احسن طریقے سے حقوق العباد ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے، ہم سب سے اس قدر راضی ہو جائے کہ ہمارا جنت الفردوس تک جو اس کے دیدار کا سفر ہے وہ ہم سب کے لیے آسان فرمادے۔ آمین یا رب العالمین!

Exit mobile version