89

نوید ملک کے ساتھ ایک شام اور تاب دان

نوید ملک کے ساتھ ایک شام اور تاب دان

نوید ملک کے ساتھ ایک شام اور تاب دان
۔بزمِ تسلیم اکرام

بین الاقوامی ادبی و ثقافتی تنظیم بزمِ تسلیم اکرام کے زیرِ اہتمام “نوید ملک کے ساتھ ایک شام” عوام انٹرنیشنل نیوزچینل کے اسٹوڈیو میں بروز ہفتہ، شام چار بجے منعقد ہوئی۔نشست کی صدارت عہد سازشاعر، ماہرِاقبالیات،ماہرِ تعلیم اور نامور محقق ڈاکٹر منور ہاشمی صاحب نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی عمدہ شاعر اور نقاد ڈاکٹر کاشف عرفان تھے۔لیکچرارشعبہ اردو زبان و ادب، نمل، اسلام آباد، ڈاکٹر مجاہد عباس مہمانِ اعزاز تھے۔
بزمِ احباب قلم کے چیئرمین ، بانی محترم نصرت یاب خان نصرت نے نظامت کے فرائض سرانجام دینے کے ساتھ اپنے خیالات کا اظہار فرمایا۔ صدر، ہیومن رائٹس ،مسلم لیگ ق محترمہ لبنیٰ قریشی نے خصوصی شرکت کی۔پروفیسر محمود اعجاز بٹ، پروفیسر نعمان نذیر، محمد اکبر نیازی نے نوید ملک کے تازہ شعری مجموعے”تاب دان” پر مضامین پڑھے ۔
سرپرست عوام نیوز چینل، محترم سید آصف رضا ہمدانی نے کہا کہ تاب دان میں سماجی، تہذیبی، ثقافتی اور مذہبی حوالے سے کئی مضامین پر قلم اٹھایا گیا ہے۔شرکاء اور مبصرین نے روایت و جدت کی روشنی میں، تاب دان کی نئی جہتوں پر پر تاثیر اور مفصل گفتگو کی اور نوید ملک کی تخلیقات کو سراہا۔
صاحبِ صدارت ڈاکٹر منور ہاشمی نے صدارتی کلمات میں کہا ” ناصر کاظمی کہتے ہیں:
کہتے ہیں غزل قافیہ پیمائی ہے ناصِر
یہ قافیہ پیمائی کوئی کر کے تو دیکھے
نوید ملک نے یہ قافیہ پیمائی کر کے دکھائی ہے۔کتاب میں الہامی کیفیات بھی ملتی ہیں۔یہ نظم کے ساتھ ساتھ غزل کے بھی بہت اچھے شاعر ہیں۔یہ کتاب اردو ادب میں عمدہ اضافہ ہے۔اسلوب منفرد ہے ۔انھیں الفاظ کو نئے معنوں میں ڈھالنے کا ہنر آتا ہے”
پروگرام کے اختتام میں چیئرپرسن محترمہ تسلیم اکرام صاحبہ نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور تاب دان کی شاعری کو سراہتے ہوئے کہا کہ اچھے ادب کی بڑی سطح پر پذیرائی ہونی چاہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں