64

بلوچ کلچر ڈے پر پی ٹی وی بولان کا گرینڈ شو

بلوچ کلچر ڈے پر پی ٹی وی بولان کا گرینڈ شو 

تحریر ۔ خالد حسین
تصاویر ۔ علی گلاب
بلاشبہ باشعور اور زندہ قومیں ہی اپنے ثقافتی ورثے ، اقدار،رسوم ورواج اور اپنی زبان کی اہمیت کو بخوبی جان سکتی ہیں اور اُس کی حفاظت کرنے میں ہی اپنی بقاء وسلامتی کے پہلووں کو سمجھ سکتی ہیں کسی بھی قوم کی تاریخی اہمیت اور اُس کے ثقافتی ورثے کی نسل درنسل منتقلی ایک ایسا اہم کام ہے جس کے لیے تحقیق و تحریر سمیت معلومات تک رسائی اور اپنے آباواجداد کی تاریخ سے شناسائی بہت ضروری ہے

اور اس سلسلہ میں آگاہی کا پہلو ایک خاص اہمیت کا حامل ہے ۔ کسی بھی قوم کی پہچان اُس کی زبان و ثقافت اور اُن قدروں سے کی جاسکتی ہے جس کی حفاظت کے لیے نسل درنسل ایک شعور منتقل کیا گیا ہو اور مزید اس کام کو وسعت دینے کے لیے اُس قوم و معاشرے کے افراد میں اپنے ثقافتی اقدار سے محبت اور منتقلی کا بے لوث جذبہ پایا جاتا ہو اگر یہ کہا جائے کہ دنیا میں وہی قومیں زندہ رہتی ہیں جو اپنے آباواجداد کی تاریخ، کارناموں کوزندہ رکھنے کے لیے شعور اُجاگر کرتی ہیں اوراپنے ثقافتی اقدار و اطوار جو اُس قوم کی پہچان ہیں کوناصرف اُجاگر کرتی ہیں بلکہ دیگر اقوام کو بھی اُن سے روشناس کرتی ہیں

دراصل وہی جذبہ اُس قوم کی ترقی ، خوشحالی اور پہچان کا ذریعہ ہے ۔ملک بھر کی طرح دنیا بھر میں بسنے والی بلوچ اقوام کی تاریخ اور پہچان کے حوالے سے بات کی جائے تو یہ عظیم اور ناقابل فراموش اہمیت کی حامل ہے جو ملکی و بین الاقوامی سطح پر قدر کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہے اس قوم کی تاریخ بہادری ، وفاداری ، جذبہ ایمانی ، مہمان نوازی ، احترام نسواں، اپنی مٹی سے محبت اور سب سے بڑھ کر یہ کہ سادہ طرز زندگی ،

انسانیت کی بے لوث خدمت کے جذبے سے بھر ی پڑی ہے ۔ دنیا بھر میں آباد بلوچ اقوام کی تاریخی اہمیت ، ثقافتی ورثے اور آباواجداد کے طرز زندگی، رسوم ورواج ،لباس ، برتن، ذریعہ معاش، کھیل ،تعلیم ،موسیقی ، شاعری سمیت وہ تمام پہلو جسے نئی نسل تک منتقل کرنا ضروری ہے کو محسوس کرتے ہوئے پاکستان ٹیلی ویژن کوئٹہ مرکز اور پی ٹی وی بولان نے حسب روایت ماضی کی طرح اس سال بھی بلوچ کلچر ڈے کی مناسبت سے 2 مارچ 2023 ء کو انتہائی جوش وجذبے اور بھرپور انداز میں منایا پی ٹی وی بولان کی خصوصی نشریات میں اس خوشی کے موقع پر ایک بہترین لائحہ عمل اپناتے ہوئے

مختلف پروگرامز اور لائیو شوز پر شب وروز کام کیا اوراس کی نشریات کو ممکن بنایا اس سلسلہ میں جنرل منیجر پی ٹی وی فہیم شاہ ، پروگرام منیجر گل شاہ بخاری، پی ٹی وی بولان ہیڈ جواد علی ہزارہ ، بلوچ کلچر ڈے کے گرینڈ لائیو شو کے ڈائریکٹر و پروڈیوسر جاوید شاہ ، منظور احمد ترین ، ساجد ملک، سینئر پلاننگ آفیسر منیر حسین، پروڈیوسر اعجاز احمد بلوچ سمیت دیگر پروڈیوسرز، انتظامی اور ٹیکنیکل عملہ ، سیٹ ڈئزائنر اسحاق لہڑی اور اُن کی پوری ٹیم ، کیمرہ ومیک اپ ڈیپارٹمنٹ نے اپنی اپنی ذمہ داریاں سنبھالتے ہوئے

اس اہم دن کو ناظرین تک پہنچانے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا ۔قارئین۔ پاکستان ٹیلی وژن کوئٹہ مرکزکی یہ خوبی رہی ہے کہ اُس نے ہمیشہ ملک بھر میں بسنے بلوچستان میں بسنے والی اقوام کی دنیا بھر میں نمائندگی کی ہے ملک بھر بلکہ دنیا بھر میں ہر سال2 مارچ بلوچ کلچرڈے کے طور پر منایا جاتا ہے اور ملک میں بسنے والی مختلف اقوام اور بولی جانے والی زبانوں کو اُجاگر کرنے کے لیے مختلف وقتوں میں یوم ثقافت منا نا ایک بہت اچھی روایت ہے اور اس روایت کو برقرار رکھتے ہوئے

گزشتہ روز پی ٹی وی کوئٹہ مرکز میں ایک بہت بڑا شو منعقد کیا گیا اور بلو چ کلچرل ڈے بڑے جوش وخروش سے منایا گیا محکمہ ثقافت اور پی این سی اے کے تعاون سے 2 مارچ کو پی ٹی وی کے احاطے میں لگائے گئے ایک وسیع وعریض کلچرل سیٹ پر صوبے کے معروف فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا جسے ناظرین نے پی ٹی وی بولان کی رات کی لائیو ٹرانسمیشن میں دیکھا اور بہت پسند کیا اس لائیو شوکے ڈائریکٹر و پروڈیوسر جاوید شاہ تھے جب کہ اُن کے ساتھ معاون پروڈیوسرز منظور احمد ترین اور ساجد ملک نے بھی اپنی بھر پور صلاحیتوں کو استعمال میں لاتے ہوئے بھر پور انداز میں شو کو کامیاب کیا

۔اس گرینڈ لائیو شو کے بلوچی زبان کے میزبان محمد کاشف اور رضیہ سلطانہ براہوئی زبان کے میزبانوں میں صغیر احمد صغیر اورنیلم مومل تھے اس شو کا آغازظاہر لہڑی کی ایک نظم سے کیا گیا جس میں بلوچی قوم اورثقافت کو اُجاگر کیا گیا شومیں صوبے کے معروف فنکاروں نے اپنی پروفارمنس سے چارچاند لگادیئے ان فنکاروں میں دیپ بلوچ،اختر چنال ، ننھی فنکارہ سیمق بلوچ ،لیاقت عابد ،رمضان شاد،خالق فرہاد،کہکشاں خان ،زیمل زیبی ،زیبا صنم ،لیاقت مراد پارکوئی ،معین شیرانی، سرتاج اور بالاچ،حمید شریف،عزیز شاد کلانچی سمیت دیگر گلوکار شامل تھے لائیو شو میں کلچر سے متعلق خاکہ بھی پیش کیا گیا

جس میں منظور صابر،ناصر ساحل،داود صابراور نواز بلوچ ، عثمان کندونے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے اس شو میں بلوچی چاپ بھی شامل تھا جس میں صوبے کے مقامی رقاصوں نے ناظرین کومحضوظ کیا ۔شو کے اختتام پرصوبائی وزیر کھیل عبدالخالق ہزارہ ،سیکریٹری ثقافت منظور حسین ،ڈائریکٹر ثقافت داود ترین ،خانہ فرہنگ ایران کے نمائندوں نے شو میں شرکت کی اور بلوچ کلچر ڈے کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا

اور کلچرل ڈیز کی خوشیوں کو مزید وسعت دینے ہر سال مختلف زبانوں کے دن منانے سے متعلق عزم کا اظہار کیاقارئین ۔ بلوچ کلچر ڈے کے گرینڈ لائیو شو سے قبل پی ٹی وی بولان کی مارننگ اور ایوننگ لائیو نشریات میں بلوچی کلچر ڈے کی مناسبت سے شوز پیش کئے گئے مارننگ لائیو شو جوکہ بیک وقت بلوچی ، براہوئی اور پشتو زبانوں میں پیش کیا گیا اس کے میزبان رقیہ اکبر بلوچ، کہکشاں خان ،غزالہ عثمان ،شمائلہ چاکر ،غلام فاروق شاہوانی ،عاطف شاہ تھے شو میں بطور مہمان ایڈوکیٹ کلثوم بلوچ،منیر شاہوانی ،

مقدس زہری ،ے پروفیسرطاہر بلوچ،علی سمالانی ،فاروق شاہوانی ،لالا انور ، انور شاہ شامل تھے شو میں فراز بلوچ،کہکشاں خان نے بلوچی گیت پیش کئے شبیر شہزاد ڈانس پارٹی نے بلوچی چاپ پیش کیا اس شو کے پروڈیوسر اعجاز احمد بلوچ تھے اس شو میں بلوچی رسوم ورواج ، یکجہتی ، بھائی چارے ،مہمان نوازی سمیت بلوچ اقوام کی تاریخ ، کارناموں پر بات چیت کی گئی اس شو میں ناظرین نے لائیو کالز کے ذریعے شرکت کی اور شو کو پسند کیا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں