عمران خان کی رہائی کیلئے ہم راکٹ لانچرز لے کر اڈیالہ جیل پر حملہ نہیں کرسکتے: عمر ایوب
عمران خان کی رہائی کیلئے ہم راکٹ لانچرز لے کر اڈیالہ جیل پر حملہ نہیں کرسکتے: عمر ایوب
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب کا کہنا ہے کہ عمران خان کی رہائی کیلئے ہم راکٹ لانچرز لے کر اڈیالہ جیل پر حملہ نہیں کرسکتے۔
اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فوج اور پی ٹی آئی کے درمیان ن لیگ اور پیپلز پارٹی دوریاں پیدا کر رہی ہے، بانی پی ٹی آئی نے واضح کیا ہے فوج عوام میں سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو بانی پی ٹی آئی کے کیسز سے الگ ہونا چاہیے، بشریٰ بی بی کی رہائی ہونی تھی نیب نے نہیں ہونے دی،جسٹس سسٹم کو چاہیے بانی پی ٹی آئی کے ساتھ انصاف کریں۔
عمرایوب کا کہنا تھا کہ رؤف حسن ضعیف العمر شخص ہیں، ان کو سی ٹی ڈی کے حوالے کیا گیا، اتنے بھی ڈفر نہ بنو، بنو لیکن کم بنو، ہم سب کو کسی نہ کسی طرح کیسز میں الجھانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی رہائی کیلئے ہم راکٹ لانچرز لے کر اڈیالہ جیل پر حملہ نہیں کرسکتے۔
اس سے پہلے ایک اور پریس کانفرنس میں عمر ایوب کا کہنا تھا الیکشن ایکٹ میں ترمیم کر کے مخصوص پی ٹی آئی کے لیے قانون سازی کی جارہی ہے، متنازع قانون سازی کسی عدالت میں برقرار نہیں رہ سکے گی۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے 15 روز میں اپوزیشن کا گرینڈ الائنس بنانے کا اعلان کیا۔