38

7ستمبر:یوم تحفظ ختم نبوت

7ستمبر:یوم تحفظ ختم نبوت

تحریر : سید شہزاد حیدر کاظمی

سابق چیئرمین پی وائی او برطانیہ و صدر کشمیر افیئرز یورپ

اللہ تعالیٰ پر ایمان لانے کے بعد حضرت محمد ﷺ پر ایمان لانا یعنی آپﷺ کو آخری نبی اور رسول ماننا ضروری ہے۔ آپﷺ کے بعد کوئی نبی پیدا نہیں ہو سکتا یا نیا نبی نہیں آ سکتا۔ آپﷺ ہی آخری نبی ہیں۔ اسلام میں عقیدہ ختم نبوت اساسی اور بنیادی حیثیت رکھتا ہے جو شخص اس عقیدہ کو نہیں مانتا وہ قطعاً مسلمان کہلانے کے قابل نہیں لیکن اس امت میں بہت سے بدباطن اور کذابوں نے نبی کریمﷺ کے بعد دعویٰ نبوت کیا اور عقل کے مارے بدبختوں نے ان کی اس بات کو مان لیا۔

برصغیر میں مرزا غلام احمد قادیانی کذاب نے دعویٰ نبوت کیا اور کچھ لوگ اس کے پیروکار بن گئے، بین الاقوامی کفریہ طاقتوں بالخصوص برطانوی سامراج کی پشت پناہی حاصل ہونے کی وجہ سے مالی طور پر مضبوط ہوئے اور لوگوں کو لالچ، دھونس دھمکی اور ورغلا کر ارتدادی مہم کو آگے بڑھانے کی کوشش میں مصروف عمل ہوئے۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان کی شرارتیں بلکہ خباثتیں ظاہر ہونا شروع ہوئیں اورایک وقت وہ بھی آیا جب یہ کھلم کھلا دندناتے ہوئے پھرنے لگے۔

ضرورت اس بات کی تھی کہ اب اس فتنے کو قانونی طور پر غیر مسلم اقلیت قرار دے کر ہمیشہ ہمیشہ کیلئے دیوار کے ساتھ لگا دیا جائے۔ اس بارے کئی تحریکیں اٹھیں اور اپنا اپنا کام کیا لیکن بعض تحریکیں بعض تاریخوں کو ’’تاریخ ‘‘ بنا دیتی ہیں، جیسے 1953ء کی تحریک ختم نبوت نے 7 ستمبر 1974ء کو تاریخ بنایا۔ اسلامیانِ پاکستان نے حصولِ آزادی وطن کی بنیاد کلمہ طیبہ پر رکھی۔ ان کے رگ و ریشے میں کلمہ طیبہ اپنی حقیقت و معنویت کے ساتھ موجود ہے۔ بھلا یہ کیسے ممکن ہے کہ کوئی اس کلمہ کے الفاظ و معانی اور حقیقت میں رد و بدل کر سکے؟ یہاں کے مسلمان غربت، کرپشن، مہنگائی، بے روزگاری اور اقتصادی بحرانوں کو سہہ سکتے ہیں لیکن اسلامی نظریات بالخصوص ناموس رسالت اور ختم نبوت جیسے عظیم الشان اور حساس موضوع پر مداہنت سے کام نہیں لے سکتے۔

حکمت کے نام پر بے حمیتی کا کسی طور پر اظہارنہیں کر سکتے۔ اس دعوے کی ایک دلیل 7 ستمبر 1974ء کا وہ تاریخ ساز فیصلہ ہے جو عوامی طاقت نے جمہوری و سیاسی زبان سے صادر کیا۔ اس کا مختصر پس منظر یہ ہے کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم جناب ذوالفقار علی بھٹو کے دورِ حکومت میں 22 مئی 1974ء کو نشتر میڈیکل کالج ملتان کے کچھ طلبہ معلوماتی و تفریحی سفر کیلئے چناب نگر کے راستے پشاور جا رہے تھے کہ چناب نگر ریلوے سٹیشن پر قادیانیوں نے اپنا کفریہ لٹریچر تقسیم کرنے کی کوشش کی، جس پر طلبہ نے اس لٹریچر کو لینے سے انکار کیا اور ایمانی غیرت کا ثبوت دیتے ہوئے ختم نبوت زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔

29 مئی 1974ء کو طلبہ کا یہ قافلہ واپس ہونے لگا تو نشتر آباد اسٹیشن (جو کہ چناب نگر اسٹیشن سے پہلے آتا ہے) پر قادیانی اسٹیشن ماسٹر نے چناب نگر کے قادیانی اسٹیشن ماسٹر کو بتلایا کہ فلاں بوگی طلبہ کی ہے۔ چنانچہ خلافِ ضابطہ چناب نگر ریلوے سٹیشن پر گاڑی روک لی گئی، سیکڑوں مسلح افراد جس میں قادیانیوں کے قصر خلافت کے معتمدین، تعلیم الاسلام کالج کے طلباء، اساتذہ اور بعض قادیانی دکانداروں نے لاٹھیوں، سریوں، ہاکیوں، کلہاڑیوں اور برچھیوں کے ساتھ حملہ کر کے 30 نہتے طلبہ کو شدید زخمی کر دیا۔

اس واقعہ کا پورے ملک میں زبردست ردِعمل ہوا۔ 30 مئی1974ء کو لاہور اور دیگر شہروں میں ہڑتال ہوئی۔ 31 مئی 1974ء کو اس سانحے کی تحقیقات کیلئے صمدانی ٹربیونل کا قیام عمل میں آیا۔ 3 جون 1974ء کو مجلس عمل کا پہلا اجلاس راولپنڈی میں منعقد ہوا۔ 9 جون1974ء کو مجلس عمل کا کنوینئر لاہور میں مولانا سید محمد یوسف بنوریؒ کو مقرر کیا گیا۔ 13 جون1974ء کووزیر اعظم نے نشری تقریر میں بجٹ کے بعد مسئلہ قومی اسمبلی کے سپرد کرنے کا اعلان کیا۔ 14 جون 1974ء کو ملک گیر ہڑتال ہوئی۔ 16 جون 1974ء کو مجلس عمل تحفظ ختم نبوت کا فیصل آباد میں اجلاس ہوا جس میں حضرت بنوریؒ کو امیر منتخب کیا گیا۔

30 جون 1974ء کو قومی اسمبلی میں ایک متفقہ قراردادپیش ہوئی جس پر غور کیلئے پوری قومی اسمبلی کو خصوصی کمیٹی میں تبدیل کردیا گیا۔24 جولائی 1974ء کو وزیر اعظم نے اعلان کیا کہ جو قومی اسمبلی کا فیصلہ ہوگا وہ ہمیں منظور ہوگا۔ 5 اگست سے23 اگست1974ء تک وقفوں وقفوں سے مکمل گیارہ دن مرزا ناصر پر قومی اسمبلی میں جرح ہوئی۔ 20 اگست1974ء کوصمدانی ٹربیونل نے اپنی رپورٹ سانحہ ربوہ کے متعلق وزیر اعلیٰ کو پیش کی۔ 22 اگست 1974ء کورپورٹ وزیر اعظم کو پیش کی گئی

۔ 24 اگست1974ء کو وزیر اعظم نے فیصلہ کیلئے7ستمبر کی تاریخ مقرر کی۔ 27، 28 اگست 1974ء کو لاہوری گروپ پر قومی اسمبلی میں جرح ہوئی۔ یکم ستمبر 1974ء کو لاہور باد شاہی مسجد میں ختم نبوت کانفرنس منعقد ہوئی۔ 5، 6 ستمبر 1974ء کو اٹارنی جنرل نے قومی اسمبلی میں عمومی بحث کی اور مرزائیوں پرجرح کا خلاصہ پیش کیا۔ 6 ستمبر 1974ء کو آل پارٹیز مجلس تحفظ ختم نبوت کی راولپنڈی میں وزیراعظم سے ملاقات کا فیصلہ کیا۔

اس ساری کارروائی میں قومی اسمبلی نے اڑھائی ماہ کے عرصے میں 28 اجلاس بلائے اور 96گھنٹوں پر مشتمل نشستیں ہوئیں۔ تمام مسالک کی مذہبی و سیاسی قیادت نے اپنی اپنی حیثیت کے مطابق اس میں کردار ادا کیا۔ علمائے دیوبند کے عظیم سپوت خصوصاً مفکر اسلام مولانا مفتی محمود اور آپ کے رفقاء کار نے قادیانیوں کا لٹریچر جمع کیا۔ مولانا سید محمد یوسف بنوری، مولانا محمد حیات، مولانا عبدالرحیم اشعر، مولانا تاج محمود، مولانا محمد شریف جالندھری ؒ جیسے اکابر نے دن رات ایک کر کے قادیانی کا مذہبی و سیاسی عزائم پر مبنی لٹریچر اکٹھا کیا۔ اس محنت میں قادیانیوں کی مذہبی حصے کی ترتیب و تدوین مفتی محمد تقی عثمانی(سابق جسٹس سپریم کورٹ وفاقی شرعی عدالت) نے جبکہ سیاسی حصے کی ترتیب مولانا سمیع الحق شہیدؒ ( سابق ممبر سینٹ آف پاکستان) نے اپنے ہاتھوں سے کی۔

7 ستمبر1974ء کو قومی اسمبلی میں دستور کی دفعہ 106 میں قادیانی و لاہوری گروپ کو اقلیتوں کی فہرست میں شامل کیا گیا اور دفعہ 260 میں ایک نئی شق کا اضافہ کیا، جس میں یہ طے کیا کہ ’’ ہر فرد جو حضور ﷺ کے بعد کسی مدعی نبوت کو پیغمبر یا مذہبی مصلح مانتا ہو وہ آئین یا قانون کے مقاصد کے ضمن میں مسلمان نہیں‘‘۔

مرکزی وزیر قانون جناب عبدالحفیظ پیرزادہ نے بل پیش کیا۔ ان کے بعد مفکر اسلام مولانا مفتی محمود قائد حزب اختلاف کی حیثیت سے اٹھے اور بل کی مکمل تائید کی اور اس اقدام پر وزیر اعظم اور ارکان حزب اقتدار کو خراج تحسین پیش کیا۔ تقریبا ً پانچ بجے سپیکر قومی اسمبلی صاحبزادہ فاروق علی نے قائد ایوان ذوالفقار علی بھٹو کو اظہار خیال کی دعوت دی۔ ذوالفقار علی بھٹو نے آدھا گھنٹہ تقریر کی، اس کے بعد بل کی ووٹنگ کا مرحلہ شروع ہوا۔ مرزائیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دینے کیلئے 130 ووٹ آئے اور قادیانیوں کی حمایت میں ایک ووٹ بھی نہ آیا۔ چنانچہ قومی اسمبلی نے اتفاق رائے سے یہ بل پاس کیا اور مرزائیوں کو ہمیشہ کیلئے غیر مسلم اقلیت قرار دیا۔

7 ستمبر 1974 ء شام 30:7 بجے سینٹ کا اجلاس ہوا، مرکزی وزیر قانون عبدالحفیظ پیرزادہ نے قومی اسمبلی کا منظور شدہ بل سینٹ میں پیش کیا۔ ایوان میں دوبارہ رائے شماری ہوئی۔ قومی اسمبلی کی طرح سینٹ میں بھی سارے ووٹ مرزائیوں کے خلاف آئے اور ایک ووٹ بھی ان کے حق میں نہ آیا۔

7 ستمبر 1974 ء رات 8بجے ریڈیو پاکستان نے یہ خبر نشر کی کہ مرزائیوں کو قومی اسمبلی اور سینٹ نے متفقہ طور پر غیر مسلم اقلیت قرار دے دیا ہے۔ یوں 7ستمبر 1974ء کے سورج کے ڈوبنے کے کچھ لمحے بعد جعلی اور جھوٹی نبوت کا فتنہ بھی ڈوب گیا اورعقیدہ ختم نبوت کاماہتاب آج بھی اسلامی جمہوریہ پاکستان پر اپنی کرنیں بانٹ رہا ہے اور انشاء اللہ بانٹتا ہی رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں