خدیجہ کیس:ملزم شاہ حسین کی بریت کے خلاف متاثرہ طالبہ کی اپیل سماعت کے لیے مقرر
سپریم کورٹ نے ملزم کی بریت کیخلاف اپیل سماعت کیلئے مقرر کردی سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے خدیجہ صدیقی حملہ کیس سے متعلق اپیل پر سماعت کی
لاہور: سپریم کورٹ نے خدیجہ صدیقی میں ملزم شاہ حسین کی بریت کے خلاف متاثرہ طالبہ کی اپیل سماعت کے لیے مقرر کردی۔سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے خدیجہ صدیقی حملہ کیس سے متعلق اپیل پر سماعت کی۔
دوران سماعت جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ملزم شاہ حسین کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا وجہ تھی خدیجہ اور چھوٹی بہن نے پوری دنیا چھوڑ کر ملزم شاہ حسین پر الزام لگایا؟ کیا دونوں قانون کے طالبعلم ہیں؟ واقعہ کے بعد دونوں نے قانون سے متعلق کافی کچھ سیکھ لیا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ واقعہ دن کے وقت ہوا، رات ہوتی تو شک کی گنجائش باقی تھی۔
سپریم کورٹ نے اپیل سماعت کے لیے باضابطہ طور پرمنظور کرتے ہوئے ملزم شاہ حسین کو 1 لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی ہے جب کہ عدالت نے اپیل گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد سماعت کے لیے مقرر کردی ہے۔
یاد رہے کہ خدیجہ صدیقی کو زخمی کرنے والے ملزم شاہ حسین کو 4 جون کو لاہور ہائیکورٹ نے رہا کرنے کا حکم دیا تھا جس پر چیف جسٹس نے لاہور میں طالبہ خدیجہ صدیقی کو چاقو کے وار سے زخمی کرنے کے ملزم کی رہائی کا نوٹس لیا تھا