کاغذات کی جانچ کیلئے عمران خان، شاہد خاقان، عائشہ گلالئی ایک ساتھ طلب
حلقہ این اے 53 سے 63 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جن میں مسلم لیگ (ن) کے بیرسٹر ظفر اللہ، مہتاب عباسی اور پی ٹی آئی کے الیاس مہربان بھی شامل ہیں
اسلام آبا: این اے53 کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لیے ریٹرننگ افسر کی جانب سے اسکروٹنی کل کی جائے گی۔جس کے لیے عمران خان، شاہد خاقان اور عائشہ گلالئی کو ایک ساتھ طلب کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور پی ٹی آئی کی منحرف رکن عائشہ گلالئی نے عام انتخابات کے لیے اسلام آباد کے حلقہ این اے 53 سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں اور اس سلسلے میں آر او نے تینوں رہنماؤں کو کل ایک ہی دن ذاتی حیثیت میں طلب کیا ہے
واضح رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے کاغذات نامزدگی پرعبدالوہاب بلوچ نے اعتراضات دائرکر رکھے ہیں اس لیے چیئرمین پی ٹی آئی کو کاغذات کی جانچ پڑتال کے ساتھ اعتراضات کا جواب دینا ہوگا جب کہ عمران خان کے وکلا عید سے قبل اعتراضات کی نقول حاصل کرچکے ہیں۔
حلقہ این اے 53 سے 63 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جن میں مسلم لیگ (ن) کے بیرسٹر ظفر اللہ، مہتاب عباسی اور پی ٹی آئی کے الیاس مہربان بھی شامل ہیں۔این اے 53 سے انتخابات لڑنے والے امیدواروں کی حتمی فہرست 19 جون کو جاری کی جائےگی