انتخابات سے پہلے پاکستان جاؤں گی، جیل جانے کیلئے تیار ہوں: مریم نواز
لندن: مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے کہا ہےکہ کسی نے 70 سال سے یہ لڑائی نہیں لڑی اور اب ایسے کام کا جھنڈا اٹھا لیاہے تو ڈرنے کی کوئی بات نہیں جیل جانے کو تیار ہوں۔
احتساب عدالت شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ جمعہ 6 جولائی کو سنائے گی اور اس موقع پر نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کے دوران ایون فیلڈ ریفرنس کے فیصلے کے سوال پر مریم نواز نے کہا کہ الیکشن سے قبل فیصلے کا سب کو پتا ہے، احتساب عدالت میں جس طرح ٹرائل کنڈکٹ کیا گیا سب کے سامنے ہے، 100 کےقریب پیشیاں بھگتی، جیل جانے کے لیے تیار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ڈرنے کی کوئی بات نہیں، کسی نے 70 سال میں یہ لڑائی نہیں لڑی، جب ایسے کام کا جھنڈا اٹھالیا ہے تو اس کی ایک قیمت ہے جو ہمیں ادا کرنی پڑے گی اور کررہے ہیں۔
(ن) لیگ کی رہنما کا کہنا تھا کہ انتخابات سے پہلے انشاء اللہ پاکستان پہنچ جاؤں گی، آخری بال تک مقابلہ کرنا چاہیے اور ہم کریں گے، انتخابات کے بائیکاٹ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، یقین ہے کہ آخری فتح مسلم لیگ (ن) کی ہوگی۔
مریم نواز نےبتایا کہ والدہ کی کل سرجری ہوئی ہے اور امید ہے جلد ہوش میں آجائیں گی۔
واضح رہےکہ میاں نوازشریف کی اہلیہ کلثوم نواز کئی ماہ سے کینسر کے علاج کی غرض سے لندن میں مقیم ہیں جب کہ نوازشریف اور مریم نواز بھی ان کی تیمارداری کے سلسلے میں لندن میں ہیں۔