ساہیوال واقعے پر پریشان ہوں، جے آئی ٹی رپورٹ پر جلد کارروائی ہوگی: وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ساہیوال واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک صدمے کی کیفیت میں ہوں اور پریشان ہوں، بچوں کی آنکھوں کے سامنے ان کے والدین کو گولیاں ماری گئیں۔
ساہیوال واقعے میں زندہ بچ جانے والے تین معصوم بچوں سے متعلق وزیراعظم نے اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ ان بچوں کی تمام تر ذمہ داری ریاست اٹھائے گی، کوئی بھی والدین اس طرح کی صورتحال کا سوچ کر صدمے میں مبتلا ہوجائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے بہت اچھا کام کیا تاہم قانون کے سامنے سب جوابدہ ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جتنی جلدی ساہیوال واقعے کی جے آئی ٹی رپورٹ آئے گی اس پر فوری کارروائی کی جائے گی، شہریوں کی حفاظت حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
While the CTD has done a great job in fight against terrorism, everyone must be accountable before the law. As soon as JIT report comes, swift action will be taken. The govt's priority is protection of all its citizens. https://t.co/Vek2YHLmKQ
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) January 20, 2019
یاد رہے کہ گزشتہ روز کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی ) کے اہلکاروں کی فائرنگ سے کار میں سوار خاتون، بچی اور دو افراد ہلاک ہوگئے تھے اور واقعے میں تین بچے بھی زخمی ہوئے۔
سی ٹی ڈی نے دعویٰ کیا کہ اس نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا، دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد ذیشان ہلاک ہوگیا، جب کہ اس کے ساتھ کار میں سوار خاندان کے افراد بھی گولیوں کا نشانہ بنے۔