98

آئی ایم ایف سے مسئلہ ڈیل کا نہیں ڈیل سےمتعلق شرائط کا ہے، فواد چوہدری

آئی ایم ایف سے مسئلہ ڈیل کا نہیں ڈیل سےمتعلق شرائط کا ہے، فواد چوہدری

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہےکہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے مسئلہ ڈیل کا نہیں ڈیل سے متعلق شرائط کا ہے۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے قرضے کے حصول سے متعلق ایسی شفاف ڈیل چاہتے ہیں جو قلیل مدت میں پاکستان کے لیے مددگار ہو اور ہمارے طویل المدتی معاشی مقاصد پر اثرانداز نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی متفقہ بیل آؤٹ پیکیج کا خواہاں ہے ایسی شرائط نہیں چاہتےجن سے پاکستان کے شرح نمو کو نقصان پہنچے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وزیراعظم دبئی میں منعقد سالانہ عالمی اجلاس ‘ورلڈ گورنمنٹ سمٹ’ کے بعد آئی ایم ایف سربراہ سے ملاقات کریں گے  جس سے ان کے مؤقف سمجھنے کا موقع ملے گا اور ہمیں بھی اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع ملے گا۔

 واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان آج سالانہ عالمی اجلاس میں شرکت کرنے کے لیے دبئی روانہ ہوں گے جہاں وہ متحدہ عرب امارات کی قیادت سے ملاقات بھی کریں گے۔

 ورلڈ گورنمنٹ سمٹ اجلاس میں وزیراعظم کے ہمراہ وزیر خزانہ اسد عمر اور وزیر اطلاعات فواد چوہدری بھی شریک ہوں گے۔

وزیر اعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق عمران خان شیخ محمد بن راشد المکتوم کی دعوت پر ورلڈ گورنمنٹ سمٹ میں شرکت کریں گے اور اجلاس سے خطاب کے دوران مضبوط اور خوشحال پاکستان کے لیے اپنے وژن پر روشنی ڈالیں گے۔

سالانہ عالمی سربراہ اجلاس میں مختلف ملکوں اور حکومتوں کے سربراہان، پالیسی ساز، سرمایہ کار اور ماہرین شرکت کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں