عمران خان حکومت نے عوام کی توقعات کو مایوسی اور فکری انتشار کی جانب دھکیل دیاہے۔امیر حیدر خان ہوتی
پشاور(چیف اکرام الدین)عوامی نیشنل پارٹی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ مسترد کر دیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک موجودہ حالات میں عوام دشمن پالیسیوں کا متحمل نہیں ہو سکتا، پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حکومت نے پاک بھارت کشیدہ صورتحال میں عوامی توجہ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور بجلی کے نرخون میں مزید اضافہ کر کے عوام دشمنی کا ثبوت دیا ہے،
انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مسلسل گر رہی ہیں لیکن حکومت سستے داموں تیل خرید کر عوام کو مہنگا ترین فروخت کر کے پٹرولیم مصنوعات پر ناجائز منافع خوری میں مصروف ہے،انہوں نے کہاکہ عمران خان حکومت نے عوام کی توقعات کو مایوسی اور فکری انتشار کی جانب دھکیل دیاہے امیر حیدر ہوتی نے کہا کہ حکومت نے مہنگائی، بے روزگاری ،لاقانونیت کی رفتار کو تیز کردیاہے مدینہ کی طرز پر ریاست بنانے کے دعوے محض فریب ثابت ہوئے، آئے روز پٹرولیم کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی کا اژدھا غریب عوام کو تیزی سے نگل رہا ہے
صوبائی صدر نے کہا کہ حکمرانوں نے اشیائے ضروریہ سمیت بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام کو مہنگائی کے سونامی میں ڈبودیا، انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں بار بار اضافہ سے مزید مہنگائی کا طوفان برپا ہو گا انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات میں باربار اضافے اور اس پر عائد ٹیکس اور ڈیوٹیاں فی الفور واپس لی جائیں اور بیرونی قرضوں کا بوجھ ٹیکسوں اور مہنگائی کے ذریعے عوام پر مت ڈالاجائے، حکومت نے تیزی سے گرتی ہوئی ملکی معیشت کو نہ سنبھالا تو ملک سنگین تباہی سے دوچار ہو سکتا ہے انہوں نے مزید کہا کہ تبدیلی سرکار کی حکومت عوام پر مہنگائی کا بم گرانے کیلئے موقع کی تلاش میں رہتی ہے عوام کی قوت خرید پہلے ہی جواب دے چکی ہے ایسے میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا کیا جواز بنتا ہے آئے روز نرخوں میں اضافہ عوام دشمنی کے سوا کچھ نہیں
انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہو چکی ہے اور ملکی وسائل و آمدن میں اضافے میں ناکامی کی وجہ سے غریب عوام پر روزانہ بوجھ ڈالنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہے، امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ ایسے حالات میں جب صورتحال انتہائی کشیدہ ہے اور عوام کی تمام توجہ پاک بھارت کشیدہ صورتحال پر مرکوز ہے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے حکومت نے غیر سنجیدگی و غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا ہے،انہوں نے کہا کہ حکومت ظالمانہ فیصلہ واپس لے کر عوام پر رحم کرے اور مہنگائی کے اس طوفان میں عوام کو عزت کی زندگی گزارنے کیلئے مواقع پیدا کریں.