قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تحفظِ خوراک وتحقیق کا اجلاس 100

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تحفظِ خوراک وتحقیق کا اجلاس

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تحفظِ خوراک وتحقیق کا اجلاس

اسلام آباد(فائزہ شاہ کاظمی)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تحفظِ خوراک وتحقیق کا اجلاس پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل کے ذیلی ادارے قومی زرعی تحقیقاتی مرکز میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس کی صدارت رائو اجمل خان، چئیرمین قائمہ کمیٹی نے کی۔محمد محبوب سلطان ، وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق اور جناب،ہاشم پوپلزئی
وفاقی سیکریٹری برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق ، ڈاکٹر منیراحمد، چیئر مین پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل اور کمیٹی کے دیگر ممبران نے قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔ اس اجلاس میں پچھلے سال کے طریقہ کار و ضوابط پر روشنی ڈالی گئی اور کمیٹی کی سفارشات پر اُٹھائے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر ملک رائو اجمل خان، چیئر مین قائمہ کمیٹی نے کہا کہ پی اے آر سی ملک میں خوراک کے تحفظ اور نئی اقسام کی فصلات کی تیاری میں مصروف ِ عمل ہے اور زرعی تحقیق کے نتائج کو کسان کی دہلیز تک پہنچایا جا رہا ہے۔ ملک میں زراعت کے شعبے کی ترقی اس بات کی گواہ ہے کہ ملکی معیشت کو استحکام حاصل ہو رہا ہے۔

اس موقع پر صاحبزادہ محبوب سلطان ، وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق نے کہا کہ حکومت پاکستان زرعی شعبہ کی ترقی کے لیے پُر عزم ہے اور کسانوں کی ترقی اور خوشحالی میں کوئی کسر اُٹھا نہ رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کے لیے آسان پالیسیاں بنا رہی ہے جس کے تحت ان کو نئی ٹیکنالوجی کی فراہمی اور تصدیق شدہ بیج میسر ہو سکیں گے تا کہ وہ اپنے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ملکی معشیت کے استحکام میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے قائمہ کمیٹی کے ارکان کو موجودہ حکومت کے زرعی شعبے کے متعلق کئے گئے اقدامات کے بارے میں بھی بتایا
اس موقع پر جناب ہاشم پوپلزئی وفاقی سیکریٹری برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق نے کہا کہ وزارت غذائی تحفظ صوبوں کی مشاورت اور بین الاقوامی معاونت سے زراعت کے شعبہ کی ترقی کے لیے ہر لمحہ کوشاں ہے ۔کئی نئے منصوبہ جات شروع کیے جا چکے ہیں جن کی افادیت میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اٖضافہ ہو رہا ہے۔ چیئرمین پی اے آر سی، ڈاکٹرمنیر احمدنے کہا کہ پی اے آر سی فصلات کی نئی اقسام اور جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ زرعی مشینری کو بھی کسانوں کی دہلیز تک پہنچا رہا ہے تا کہ کم وقت میں ہمارے ملک کے کسان اچھی پیداوار حاصل کر سکیں۔ اجلاس کے اختتام پر قائمہ کمیٹی کے اراکین نے قومی زرعی تحقیقاتی مرکز میں کاشت کی جانے والی گندم کی مختلف اقسام کا معائنہ کیا نیز سرسوں،سولر پمپ ٹیکنالوجی اور نگاب کی مختلف لیبارٹریوں کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر منیر احمد، چیئر مین پی اے آر سی اور ڈاکٹر غلام محمد علی ، ڈی جی ، این اے آر سی نے کمیٹی کے اراکین کوقومی زرعی تحقیقاتی مرکز میں کی جانے والی زرعی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں