نو سالہ پولیس سب انسپکٹر یوحنا سجاد پولیس موبائل میں کلفٹن میں
جیو نیوز کی درخواست پر کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ نے تھیلیسیمیا کے مریض بچے کی پولیس افسر بننے کی خواہش پوری کردی۔
کراچی کے رہائشی نو سالہ یوحنا سجاد کئی سالوں سے تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا ہیں جن کا علاج ابھی جاری ہے۔
بچے کی جانب سے جیو ٹیلی ویژن کے سلسلے “ننھی سی خواہش” میں ایک دن کیلئے پولیس سب انسپکٹر بننے کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔
یوحنا کی “ننھی سی خواہش” پوری کرنے کے لیے جیو ٹی وی نیٹ ورک کے اس شعبہ کی جانب سے کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر احمد شیخ سے درخواست کی گئی۔ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے بچے کی خواہش پوری کرنے “والنٹیرز ان پولیس سروس” کو انتظامات کرنے کے لیے کہا۔
وی آئی پی ایس کے عہدیدار یاور چاؤلہ نے جیو نیوز کو بتایا کہ پولیس کی جانب سے بچے کی مکمل یونیفارم فارم کا انتظام کیا گیا اور اسے ساؤتھ پولیس کی موبائل فراہم کی گئی۔
نو سالہ پولیس سب انسپکٹر یوحنا سجاد پولیس موبائل میں کلفٹن میں بڑے مال کے قریب چورنگی پر پہنچے جہاں ساؤتھ پولیس کی جانب سے گاڑیوں کی فینسی نمبر پلیٹس، سیاہ شیشوں اور دیگر خلاف ورزیوں کے خلاف خصوصی چیکنگ جاری تھی9 سالہ پولیس افسر نے گاڑیوں کی تلاشی لی، کاغذات دیکھے اور خلاف ورزی کرنے والے شہریوں کے چالان کرنے کے احکامات دیے۔
علالت کی بناء پر گوکہ ننھے پولیس سب انسپکٹر یوحنا کی طبیعت خراب تھی مگر وہ ڈیوٹی کرتا رہا، اس دوران ڈی آئی جی ساؤتھ شرجیل کھرل اور ایس ایس پی ساؤتھ پیر محمد شاہ سمیت دیگر حکام اس خصوصی مہم اور تقریب کی نگرانی کررہے تھے۔
یوحنا سجاد کی ننھی سی خواہش پر عملدرآمد کرنے پر ڈی آئی جی ساؤتھ شرجیل کھرل نے خوشی کا اظہار کیا۔
شرجیل کھرل نے میڈیا کو بتایا کہ یوحنا سجاد نے بطور پولیس افسر اپنی ڈیوٹی خوب نبھائی ہے، گاڑیوں کی چیکنگ کی اور قوانین کی خلاف ورزی پر شہریوں کو جرمانے کے ساتھ ساتھ رہنمائی کی خدمات سرانجام دیں۔ڈی آئی ڈی شرجیل کھرل کے مطابق یہی نہیں کراچی پولیس کی جانب سے یوحنا کے علاج کے سلسلے میں بھی مدد کی جا رہی ہے۔
اس موقع پر ایس ایس پی ساؤتھ پیر محمد شاہ نے جیو نیوز کو بتایا کہ ایک ننھے پولیس افسر نے جس طرح شہریوں کو قوانین کی خلاف ورزی نہ کرنے کا پیغام دیا ہے، اس سے جرائم کی سرکوبی میں مدد ملے گی۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر احمد شیخ کی جانب سے ڈی آئی جی ساؤتھ زون شرجیل کھرل نے 9 سالہ پولیس افسر یوحنا سجاد کو تحائف پیش کیے جب کہ ساؤتھ پولیس کی جانب سے بھی ایس ایس پی پیر محمد شاہ نے ایک دن کے پولیس افسر کو تحفہ دیا۔