ہر لاپتہ شخص کی گمشدگی کو ریاست سے نہیں جوڑا جاسکتا: ڈی جی آئی ایس پی آر
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ ہر لاپتہ شخص کی گمشدگی کو ریاست سے نہیں جوڑا جا سکتا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور سے انسانی حقوق کی تنظیم ’ڈیفنس آف ہیومن رائٹس‘ کی چیئر پرسن آمنہ مسعود جنجوعہ نے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں لاپتہ افراد کے معاملے پر بات کی گئی۔
میجر جنرل آصف غفور کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہر لاپتہ شخص کی گمشدگی کو ریاست سے نہیں جوڑا جا سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ کئی لاپتہ افراد افغانستان میں یا کہیں اور ٹی ٹی پی کا حصہ ہیں، کئی لاپتہ افراد ٹی ٹی پی کی طرف سے لڑتے ہوئے مارے گئے۔
Met Amina Masood Janjua. Issue of missing persons discussed. State is with them to facilitate and address the issue. COAS has constituted a spec cell at GHQ for assisting the process. Our hearts go with the families of missing persons being Pakistanis. (1of2). pic.twitter.com/O5nI4hJ5Kc
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) July 5, 2019
آئی ایس پی آر کے مطابق آمنہ مسعود جنجوعہ نے ریاست اور سیکیورٹی اداروں کی کوششوں اور ہمدردیوں کو تسلیم کیا۔
آمنہ مسعود جنجوعہ کا کہنا تھا کہ غیر ریاستی عناصر کو متاثرہ خاندانوں کا استحصال کرنے نہیں دینا چاہیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا ہمارے دل لاپتہ افراد کے اہل خانہ کے ساتھ دھڑکتے ہیں، جو افراد ریاست کے پاس ہیں وہ قانونی عمل سے گزر رہے ہیں۔