جھنگ سے اسلام آباد جانے والی مسافر بس رکشے پر چڑھ گئی، 9 افراد جاں بحق
جھنگ سے اسلام آباد جانے والی مسافر بس نے سواریوں سے بھرا چنگچی رکشہ کچل ڈالا جس کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق اور 6 شدید زخمی ہو گئے۔
مسافر بس جھنگ براستہ چنیوٹ اسلام آباد جا رہی تھی کہ چنیوٹ روڈ اڈہ آرائیاں والا کے قریب موٹرسائیکل سوار کو بچاتے ہو ئے سامنے سے آنے والے رکشے جو کہ بھوانہ کی جانب آرہا تھا سے ٹکرا گئی۔
بس کے ٹکراتے ہی رکشے کی پرخچے اڑ گئے اور رکشے میں سوار 9 افراد جن میں 5 مرد اور 4 خواتین شامل ہیں موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ 6 افراد شدید زخمی ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو 1122کے اہل کاربھی موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے لاشوں کو ٹی ایچ کیو بھوانہ اور ڈی ایچ کیو جھنگ منتقل کیا۔
پولیس نے بس کو قبضے میں لے لیا جبکہ ڈرائیور و کنڈیکٹر موقع سے فرار ہوگئے۔جاں بحق ہونے والوں میں عطاء محمد، سکینہ بی بی، سرداراں، اقبال، ساجدہ، جنتاں بی بی، ستم علی خان، ممتازعلی، ظفر خان شامل ہیں۔
جاں بحق ہو نے والوں کا تعلق چنیوٹ، بھوانہ اور جھنگ سے بتا یا جا تا ہے۔