وزیراعظم یوم آزادی پر آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کریں گے
وزیراعظم عمران خان یوم آزادی کے موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کریں گے۔
بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق آرٹیکل 370 ختم کیے جانے کے بعد سے مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ ہے۔
قابض بھارتی حکمرانوں نے جموں و کشمیر میں ٹیلی فون، موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند کر رکھی ہے جب کہ وادی کے تمام تعلیمی ادارے بھی بند اور سینکڑوں کشمیری رہنما گھروں میں نظر بند یا گرفتار ہیں۔
مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے باوجود ہزاروں کشمیریوں نے گھروں سے باہر نکل کر مودی سرکار کے اقدامات کے خلاف مظاہرے کیے۔
حکومت پاکستان نے بھارتی اقدامات کے فیصلے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
اب حکومت پاکستان کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کل یوم آزادی کے موقع پر مظفرآباد جائیں گے اور آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کریں گے۔
وزیر اعظم عمران خان کل ( بروز یوم آزادی 14 اگست 2019) مظفر آباد جائیں گے اور قانون ساز اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ pic.twitter.com/J3mErgMVVQ
— Government of Pakistan (@GovtofPakistan) August 13, 2019
قبل ازیں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ آزاد کشمیر پہنچ کر پتہ چلا کہ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو کشمیر کے پارلیمان سے خطاب کی دعوت دی تھی لیکن 2 دن تک انتظار ہوتا رہا مگر وزیراعظم کشمیر گئے ہی نہیں۔