98

‘وہ اشتہارات بھی نہیں چلیں گے جن میں بھارتی اداکار ہوں

وہ اشتہارات بھی نہیں چلیں گے جن میں بھارتی اداکار ہوں

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے مسئلہ کمشیر کے معاملے پر پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے پیش نظر بھارت میں بننے والے اشتہارات اور ایسے اشتہارات جن میں بھارتی اداکار، فنکار یا گلوکار وغیرہ موجود ہوں، قومی ٹیلی ویژن چینلز پر نشر کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔




پیمرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے پہلے ہی پاکستان میں بھارتی مواد (فلم ، ڈرامے ، رئیلٹی شوز) نشر کرنے پر پابندی عائد کررکھی ہے تاہم یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ پاکستانی ٹی وی چینلز پر مختلف کثیر القومی مصنوعات کے اشتہارات میں بھارتی شخصیات کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں اور انہیں پاکستان میں نشر کیا جارہا ہے۔




پیمرا نوٹیفکیشن کا عکس — بشکریہ پیمرا ٹوئٹر

پیمرا نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے پیش نظر حکومت پاکستان نے 14 اگست کو یوم آزادی پاکستان بطور یوم یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان کیا لیکن وہیں دوسری جانب پاکستانی میڈیا میں ایسے اشتہارات نشر کیے جاتے رہے جو بھارت میں بنے اور ان میں بھارتی شخصیات موجود تھیں، یہ حکومتی پالیسی کی نفی ہے۔







پیمرا کے مطابق پاکستانی ٹی وی اسکرینز پر بھارتی اداکاروں کی نمائش ان پاکستانیوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے جو کشمیر میں بھارتی مظالم پر پہلے ہی مضطرب ہیں۔

نوٹیفکشن میں کہا گیا کہ اس تناظر میں پیمرا بھارت میں بننے والے اشتہارات بالخصوص وہ جن میں بھارتی اداکار موجود ہوں، نشر کرنے پر پابندی عائد کرتی ہے جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔




پیمرا کے مطابق جن مصنوعات کے اشتہارات میں بھارتی اداکار موجود ہیں ان کو نشر کرنے پر پابندی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک اشتہار پاکستان میں تیار نہیں ہوتے اور ان میں پاکستانی ٹیلنٹ کو شامل نہیں کیا جاتا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔




خیال رہے کہ بھارت میں بھی پاکستانی فنکاروں پر پابندی عائد ہے جبکہ پاکستان میں کیبل اور سنیما گھروں میں بھارتی مواد کی نمائش پر پابندی ہے۔




اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں