70

میرپور آزاد کشمیر میں زلزلے کے آفٹرشاکس، دیوار گرنے سے معمر شخص جاں بحق

میرپور آزاد کشمیر میں زلزلے کے آفٹرشاکس، دیوار گرنے سے معمر شخص جاں بحق

میرپور آزاد کشمیر اور گردونواح میں زلزلے کے آفٹرشاکس کا سلسلہ جاری ہے۔ 




24 ستمبر کو آزاد کشمیر کے علاقے میرپور اور گردونواح میں زلزلہ آیا تھا جس کے نتیجے میں 35 سے زائد افراد جاں بحق اور سیکڑوں زخمی ہوئے تھے جبکہ زلزلے کے باعث کئی عمارتیں، گھر اور سڑکیں تباہ ہوئی تھیں۔  

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.8 تھی اور اس کا مرکز جہلم سے 5 کلو میٹر شمال کی طرف تھا جب کہ گہرائی زیر زمین 10 کلو میٹر تھی۔ 




زلزلے کے بعد سے اب تک آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے اور میرپور اور گردونواح میں حالیہ آفٹرشاکس کے باعث دیوار گرنے سے ایک معمرشخص جاں بحق ہوگیا۔ 

آفٹرشاکس کے بعد لوگ خوفزدہ ہوکر گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرنے لگے۔




زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں تعلیمی سرگرمیاں مکمل طور پر بحال نہ ہوسکیں

دوسری جانب  زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں تعلیمی سرگرمیاں مکمل طور پر بحال نہیں  ہوسکی ہیں۔




میرپور میں گورنمنٹ گرلز اسکول کلیال کی عمارت زلزلے کے باعث مخدوش ہے، اسکول میں 900 سے زائدطالبات زیر تعلیم ہیں اور عمارت مخدوش ہونے کے باعث طالبات ٹینٹ اسکول میں تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔




اسکول انتظامیہ کاکہنا ہے کہ محکمہ تعلیم کو آگاہ کردیا کہ خطرناک بلڈنگ میں بچوں کو بٹھانے کا خطرہ مول نہیں لے سکتے جبکہ ریلیف کمشنر محمد طیب کے مطابق زلزلہ سے ناقابل استعمال قرار دیے جانے والے تعلیمی اداروں کو ٹینٹ اسکول میں شفٹ کردیا گیا ہے۔




انہوں نے کہا کہ جن تعلیمی اداروں کو ٹینٹ نہیں مل سکے، انہیں جلد ٹینٹ فراہم کردیں گے۔




اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں