بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی، سیز فائر کی خلاف ورزی پر احتجاج
اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر جارحیت اور جنگ بندی معاہدے کی خلاف وزی پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرلیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر ایک بارپھر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی اور بھارت کی جانب سے ایل او سی کے جورا، شاہ کوٹ اور نوسہری سیکٹرز پر 19اور 20 اکتوبر کو بلا اشتعال فائرنگ کی گئی۔
بھارتی فائرنگ کے نتیجے میں ایک فوجی جوان اور 5 شہری شہید جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 6 شہری زخمی بھی ہوئے۔
دفتر خارجہ کےمطابق ڈائریکٹر جنرل ساؤتھ ایشیا ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنرکو طلب کرکے ایل او سی سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پرپاکستان کی جانب سے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی افواج ایل اوسی پر تسلسل سے شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے، بھارت کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر ہم اپنا دفاع کریں گے۔
اس موقع پر پاکستانی دفتر خارجہ نے علامہ اقبال کے شعر ’شہادت ہے مطلُوب و مقصودِ مومن، نہ مالِ غنیمت نہ کِشور کشائی‘ سے پاکستانی قوم کے جذبات اور عزائم کا اظہار کیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی کی طرف سے2017 سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں میں تیزی آئی ہے، بھارت کی جنگ بندی کی خلاف ورزی علاقائی امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہے۔
دفترخارجہ نے بھارت پر زور دیا ہے کہ 2003کی جنگ بندی مفاہمت کا احترام کرے جبکہ پاکستان کی جانب سے بھارت کو پیغام دیا گیا ہے کہ وہ اپنی افواج کو جنگ بندی پرمکمل عملدرآمد کی ہدایت کرے اور لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارت امن برقرار رکھے۔
پاکستان کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ بھارت اقوام متحدہ کے امن مشن کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کردار ادا کرنے دے۔
واضح رہے کہ 24 گھنٹے کے دوران بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا جوان اور 5 شہری شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے بلا اشتعال بھارتی فائرنگ کا مؤثر جواب دیا جس کے نتیجے میں 9 بھارتی فوجی ہلاک اور کئی زخمی ہوئے جبکہ دو بھارتی بنکرز بھی تباہ ہوئے۔
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ بھارت مبینہ کیمپوں کو نشانہ بنانےکی آڑ میں معصوم شہریوں کونشانہ بنا رہاہے لیکن بھارت کو سیز فائر خلاف ورزیوں کاہمیشہ منہ توڑ جواب ملےگا۔