اسلام آباد میں 14 روز بعد میٹرو بس سروس بحال
اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی۔ ف) کے دھرنے کے باعث 14 روز سے معطل میٹرو بس سروس بحال ہوگئی۔
مولانا فضل الرحمان کی جانب سے گذشتہ روز 14روز سے جاری دھرنے کو ختم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جس کے بعد آج 2 ہفتوں سے معطل راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان چلنے والی میٹرو بس سروس بحال کردی گئی۔
میٹرو بس سروس 31 اکتوبر کو جے یو آئی کے آزادی مارچ کے اسلام آباد میں داخل ہونے کے بعد سے بند تھی۔
دوسری جانب دھرنے کے مقام کشمیر ہائی وے اور ایچ نائن گراونڈ میں اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے صفائی کا عمل جاری ہے۔
اسلام آباد ایچ نائن جلسہ گاہ میں انتظامی امور کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں آئی جی اسلام آباد عامر ذوالفقار نے کہا کہ آج خوشی کا دن ہے کہ جو چیلنج اسلام آباد کو درپیش تھا اس سے بخوبی نمٹ لیا گیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ وزارتِ داخلہ کی جانب سے دھرنے کے اخراجات پر بجٹ دیا گیا تھا، مزید بجٹ کے لیے تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔
آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھاکہ اسلام آباد میں لگے کنٹینرز کو ہٹا رہے ہیں، جلد ہی کشمیر ہائی وے سمیت تمام راستے کھول دیے جائیں گے، تاہم پولیس عوام کی سیکیورٹی کے لیے موجود رہے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کے مختلف شہروں سے جو پولیس کی اضافی نفری بلائی گئی تھی ان کی تعداد 19 ہزار تھی جن میں سے بیشتر کو آج واپس بھیج دیا جائے گا۔
دوسری جانب جے یو آئی کے کارکنان کی جانب سے قیادت کے حکم کے مطابق منتشر ہو کر ملک کی مختلف شاہراہوں کو بند کرکے احجتجاج کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
اسلام آباد میں 26 نمبر چونگی پر جے یو آئی کی جانب سے دھرنا دیا گیا جو مغرب کے بعد ختم ہوگیا۔ کل دن گیارہ بجے دوبارہ دھرنا ہو گا اور چونگی نمبر 26 پر نماز جمعہ ادا کی جائے گی