78

چھ ماہ تو دور کی بات 6 ہفتوں میں آرمی چیف کی توسیع کا فیصلہ ہو جائے گا‘

چھ ماہ تو دور کی بات 6 ہفتوں میں آرمی چیف کی توسیع کا فیصلہ ہو جائے گا‘

وزیر ریلوے شیخ رشید نے وفاقی حکومت کی غلطیوں اور پنجاب حکومت کی خراب کارکردگی کا اعتراف کیا ہے۔




لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا 18 ویں ترمیم میں تبدیلی آئینی طریقے سے ہی لائی جا سکتی ہے۔




آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اس معاملے میں ہم سے غلطیاں ہوئی ہیں لیکن ہماری نیت صاف تھی، ہم اپنا بیانیہ صحیح طریقے سے پیش نہیں کر سکے۔




شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان میں جتنا ہیجان برپا کیا گیا وہ سارا دم توڑ گیا ہے، جنرل باجوہ کو نئے تین سال مل گئے ہیں اور ہمارے بھی 3 سال ابھی باقی ہیں۔




ان کا کہنا تھا سپریم کورٹ نے اس معاملے پر دور اندیشی کا مظاہرہ کیا، 6 ماہ تو دور کی بات 6 ہفتوں میں جنرل باجوہ کی توسیع کا فیصلہ ہو جائے گا۔




افغانستان میں امن کا کریڈٹ بھی جنرل باجوہ کو جاتا ہے: شیخ رشید




افغانستان سے ساتھ جڑی سرحد کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ڈیورنڈ لائن 72 سال سے ایشو تھا اور افغان حکام کسی قیمت پر ڈیورنڈ لائن پر باڑ لگانے کی اجازت نہیں دیتے تھے، جنرل باجوہ نے ڈیورنڈ لائن پر سرحد لگائی۔




شیخ رشید نے کہا کہ افغانستان میں امن بہتر ہوا تو اس کا کریڈٹ بھی جنرل باجوہ کو جاتا ہے۔




ان کا کہنا تھا پاکستان آرمی اور چیف آف آرمی اسٹاف کی سب سے بڑی بات جمہوریت کی کامیابی کے لیے خدمات ہیں، چیف آف آرمی اسٹاف عمران خان کی جمہوری حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔




انہوں نے مزید کہا کہ جنرل باجوہ نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارت اور ایران سے بہتر تعلقات کا سنگ بنیاد رکھا۔




وہ سیاستدان ہوں جو دیوار کے دوسری جانب بھی دیکھ سکتا ہے: وزیر ریلوے




سپریم کورٹ کی جانب سے آرمی چیف کی مدت میں 6 ماہ کی مشروط توسیع سے متعلق پوچھے گئے سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ چھ ماہ کا مطلب تین سال ہی سمجھا جائے۔




انہوں نے مزید کہا کہ آرمی چیف کے معاملے میں آئین میں ترمیم کی ضرورت نہیں ہے، اگر آئین میں ترمیم ہوئی تو واضح اکثریت سے پاس ہو گی۔




مولانا فضل الرحمان کے قبل از وقت انتخابات کے مطالبے سے متعلق سوال پر شیخ رشید کا کہنا تھا میں وہ سیاستدان ہوں جو دیوار کے دوسری جانب بھی دیکھ سکتا ہے، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے۔




پنجاب حکومت کی کارکردگی سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر نے کہا دیگر لوگوں کی طرح مجھے بھی پنجاب حکومت پر تحفظات ہیں لیکن عثمان بزدار اس سیکھ چکے ہیں، آگے ان کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔




پنجاب میں تبدیلی سے متعلق سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ میرا نہیں خیال کہ کوئی تبدیلی آئے گی، ٹیم کپتان کی قیادت میں ہی کھیلے گی۔




ریلوے میں وہ کام نہیں کر سکا جو کرنا چاہتا تھا: شیخ رشید




سی پیک پر امریکی خدشات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا سی پیک کے حوالے سے پوری دنیا میں سازشیں ہو رہی ہیں لیکن ساری قوم سی پیک اور چین کے ساتھ ہے، ایم ایل ون سیک پیک کا حصہ ہے جو ہر صورت مکمل ہوگا۔




ریلوے میں کرپشن کے خاتمے کے لیے اقدامات کا بتاتے ہوئے شیخ رشید نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ وہ کام نہیں کر سکا جو کرنا چاہتا تھا۔




زرداری کے کیسز کا نتیجہ بھی مارچ تک نکل آئے گا: وزیر ریلوے




اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ ایک مافیا ہے جو حکومت کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہے، جو یہ کہہ رہے ہیں کہ عمران خان این آر او دے گا وہ یہ سن لیں کہ عمران خان کسی صورت این آر او نہیں دے گا۔




سابق صدر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ آصف زرداری کے لوگ بھی پلی بارگین کے لیے لگے ہوئے ہیں، امید ہے مارچ تک اس کا بھی کوئی نتیجہ نکل آئے گا، آصف زرداری کے پلی بارگین کے ساتھ پرانے کیس اپنی موت آپ مر جائیں گے، آصف زرداری کے کوئی اور تازہ کیس آ جائیں گے




اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں