تمام دفاتر میں گڈ گورننس،پبلک سروس ڈیلوری،انسداد کرپشن اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل پر فوکس کیا جائیگا،طاہر فاروق
ڈیرہ غازی خان (محمد فیض سٹی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان طاہر فاروق نے کہا ہے کہ تمام دفاتر میں گڈ گورننس،پبلک سروس ڈیلوری،انسداد کرپشن اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل پر فوکس کیا جائیگا۔۔افسران اور عملہ کی طرف سے سستی، کاہلی اور کام نہ کرنے کی قطعا گنجائش نہیں
۔تمام افسران کی انفرادی کارکردگی کو مانیٹر کیا جائیگا۔انہوں نے یہ بات اپنے آفس میں ضلعی سربراہان کے محکمانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں پولیٹیکل اسسٹنٹ سید موسی رضا،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز سمیع اللہ فاروق،حسنین خالد سنپال،عبد الغفار،اسسٹنٹ کمشنرز محمد اسد چانڈیہ،ملک محمد شاہد اور دیگر افسران موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے کہا
کہ تمام دفاتر میں میرٹ پر کام کیا جائے۔کام کو لٹکانے اور سائلین کی درخواستوں پر عملدرآمد میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اولین ترجیح ہوگی۔تاخیری حربے استعمال کرنے والی تعمیراتی کمپنیوں کو بھاری جرمانے کئے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے کہا کہ تمام دفاتر عوام کے مسائل کے حل اور دفتری امور میں شفافیت کےلئے اوپن کردیں۔دفاتر میں سائلین اور عوام کو عزت وتکریم دی جائے۔ضلع میں گرانفروشی اور مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاون کرکے عوام کو معاشی ریلیف دلایا جائے۔
مارکیٹ کمیٹی آڑھتیوں اور کاشتکاروں سے ملکر منافع کی شرح کم کرے تاکہ اشیاءسستی کرکے عوام کو ریلیف دیا جاسکے۔ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے کہا کہ ضلع میں میونسپل سروسز کو مزید بہتر کیا جائے
۔اہم شاہراہوں اور چوکوں سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے۔صفائی عملہ صبح سویرے نکلے اور شہر میں عوام کو صفائی کی واضح مثبت تبدیلی نظر آنی چاہئیے۔اجلاس میں دیگر امور پر ہدایات جاری کی گئیں