228

پشتو کے معروف ایوارڈ یافتہ شاعر گذشتہ رات نامعلوم افراد نے لکی مروت میں ان کے حجرے میں فائرنگ کرکے قتل

پشتو کے معروف ایوارڈ یافتہ شاعر گذشتہ رات نامعلوم افراد نے لکی مروت میں ان کے حجرے میں فائرنگ کرکے قتل

لکی مروت(نمائندہ خصوصی)پشتو کے معروف ایوارڈ یافتہ شاعر اور علاقہ لکی مروت کی سماجی شخصیت سید ظہور عباس المعروف افگار بخاری کو گذشتہ رات نامعلوم افراد نے لکی مروت میں ان کے حجرے میں فائرنگ کرکے قتل کردیا،55 سالہ افگار بخاری ناصرف علاقہ کے مشہور شاعر تھے،

شیعہ برادری کے اہم رہنما تھے بلکہ ادبی حلقوں میں ایک جانی پہچانی شخصیت بھی تھے، ان کا منفرد اور الگ انداز شاعری ہر خاص و عام میں مقبول رہا اور انہوں نے تقریبا دو دہائیوں تک پشتو سمجھنے والوں میں اپنے شاعری کی بدولت گرفت قائم رکھی،

افگار بخاری نے ستر کی دہائی کے آخر میں شاعری کا آغاز کیا اور پشتو کی مختلف اصناف میں طبع آزمائی کی لیکن پشتو لوک گیت اور غزلیں انکی پہچان رہے اور ان اصناف میں انہیں ملک گیر شہرت ملی،

صدارتی ایوارڈ یافتہ شاعر مرحوم افگار بخاری کی لاجواب اور عام فہم شاعری نے کئی نئے گلوکاروں کو شہرت بخشی اور یہ گلوکار آج بھی افگار بخاری کے سریلے گیتوں کی بدولت سننے والوں میں زندہ ہیں، افگار بخاری نے زیادہ تر گیت لکی مروت، ٹانک، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان خطہ کے معروف لوک گلوکار دمساز مروت مرحوم کیلئے لکھے جنہیں زبردست پذیرائی ملی اور گلی گلی،

محلے محلے یہ گیت گونجتے رہے جبکہ پشتو کے دیگر معروف گلوکاروں لیجنڈ خیال محمد، نصراللہ، رسول بادشاہ، وگما اور فرزانہ نے بھی انکے لکھے لاتعداد گیت گائے،مرحوم افگاربخاری نے فلموں کے لیے بھی متعدد گیت قلمبند کیے لیکن انکا مذاق فلمی ماحول سے مانوس نا ہوسکا، 80 کی پوری دہائی میں لوک شاعری میں انکا طوطی بولتا رہا اور کئی دہائیوں تک پشتو زبان میں جنوبی اضلاع میں انکے پائے کا شاعر پیدا نا ہوسکا جبکہ نوے کی دہائی کے آغاز میں بھی افگاربخاری کا ڈنکا بجتا رہا، افگاربخاری کے لکھے گیتوں کی مقبولیت کا یہ عالم تھا کہ ہر نئے گلوکار کی خواہش ہوتی تھی

کہ ان کے لئے افگار بخاری گیت لکھے، افگاربخاری کے بہت سارے خوبصورت شاعری سے مزین گیت گا کر معروف لوک گلوکار دمسازمروت نے کئی عشروں تک لکی مروت، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں موسیقی کے دلدادہ افراد کے دلوں پر راج کیا، خیبرپختونخوا کے طول و عرض سے تعلق رکھنے والے شعرا خصوصا جنوبی اضلاع سے تعلق رکھنے والے شاعروں تاج شعراء سرور جان سرور، اصغربیٹنی، امین جان امین، نادان وزیر اور دیگر شعراء نے




معروف پشتو شاعر افگار بخاری کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کی ہے اور ان کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے، مرحوم افگار بخاری کے قتل سے پشتو شاعری کا ایک اچھوتا اور دلکش باب بند ہوگیا لیکن انکے لکھے سینکڑوں گیت کئی عشروں تک سننے والوں کو مسحور کرتے رہیں گے




اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں