114

بابر افتخار ڈی جی آئی ایس پی آر تعینات، آصف غفور کا جی او سی اوکاڑہ تبادلہ

بابر افتخار ڈی جی آئی ایس پی آر تعینات، آصف غفور کا جی او سی اوکاڑہ تبادلہ

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاک فوج نے تقرر و تبادلے کرتے ہوئے میجر جنرل آصف غفور کو جی او سی اوکاڑہ جب کہ میجر جنرل بابر افتخار کو ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر تعینات کر دیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے میجر جنرل آصف غفور کے تبادلے اور میجر جنرل بابر افتخار کو ترجمان پاک فوج تعینات کرنے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔

آئی ایس پی آر کے آفیشل اکاؤنٹ سے جاری بیان میں ترجمان پاک فوج نے اپنے آخری پیغام میں سب کا خصوصاً میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کی محبت اور حمایت کے جواب میں میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔

آصف غفور نے سوشل میڈیا پر اپنے ذاتی اکاؤنٹ سے ٹوئٹ کرتے ہوئے  کہا کہ آپ کی محبت اور حمایت کا شکریہ، مضبوط رہتے ہوئے پاکستان کے استحکام کے لیے اپنا کام جاری رکھیں۔

پاک فوج کے نئے ترجمان کا مختصر تعارف

آئی ایس پی آر کے مطابق میجر جنرل بابر افتخار نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ سے گریجویشن کی، انہوں نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے بھی گریجویشن کی۔ میجر جنرل بابر افتخار نے رائل کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج اردن سے بھی گریجویشن کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق میجر جنرل بابر افتخار کمانڈ، اسٹاف اور انسٹرکشن کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، انہوں نے آرمر بریگیڈ میں بطور بریگیڈ میجر خدمات انجام دیں، وہ شمالی وزیرستان کی ایک انفنٹری ڈویژن میں بطور بریگیڈ اسٹاف خدمات انجام دیتے رہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق میجر جنرل بابر افتخار کور ہیڈ کوارٹر میں چیف آف اسٹاف بھی رہے، آپریشن ضرب عضب میں میجر جنرل بابر نے آرمرڈ بریگیڈ اور انفنٹری بریگیڈ کی کمانڈ کی۔

میجر جنرل بابر افتخار پاکستان ملٹری اکیڈمی اور این ڈی یو اسلام آباد کے فیکلٹی ممبر رہے، ڈی جی آئی ایس پی آر بننے سے قبل میجر جنرل بابر افتخار آرمرڈ ڈویژن کی کمانڈ کر رہے تھے۔

خیال رہے کہ میجر جنرل آصف غفور کو 26 دسمبر 2016 کو لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کی جگہ ڈی جی آئی ایس پی آر تعینات کیا گیا تھا۔




اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں