85

ملک ابرارحسین نے پنجاب کابینہ کی جانب سے نجی تعلیمی اداروں کو آدھی فیس وصول کرنے کے فیصلے کو یکسر مسترد کردیا

ملک ابرارحسین نے پنجاب کابینہ کی جانب سے نجی تعلیمی اداروں کو آدھی فیس وصول کرنے کے فیصلے کو یکسر مسترد کردیا

اسلام آباد رپورٹ (اسحاق عباسی چیف رپورٹر )آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ملک ابرارحسین نے پنجاب کابینہ کی جانب سے نجی تعلیمی اداروں کو آدھی فیس وصول کرنے کے فیصلے کو یکسر مسترد کردیا ہے اور کہاہے کہ اس فیصلے سے نجی تعلیمی اداروں کا وجود قائم رکھنا ناممکن ہوجائے گا،

کم آمدن اور کم فیس لینے والے تعلیمی اداروں کو عمارات کے کرائے،یوٹیلٹی بلز اور اساتذہ سمیت دیگر ملازمین کو ماہانہ تنخواہوں کی ادائیگی مشکل ہونے سے سنگین مسائل پیدا ہوسکتے ہیں،

نجی تعلیمی ادارے کورونا جیسے موذی وباء کے خاتمہ میں تعاون کے لیے اپنے تعلیمی اداروں کو قرطینہ سنٹر بنانے سمیت تمام وسائل فراہم کرنے کو تیارہیں تاہم ا ن کے مستقبل کا فیصلہ سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو کہ وڈیولنک کے ذریعے منعقد ہوا، وڈیولنک اجلاس میں مرکزی،صوبائی اور دیگر تنظیمی عہدیداروں نے شرکت کی اور اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا،

اس موقع پر ملک ابرار حسین کاکہنا تھاکہ اس وقت وطن عزیز سمیت دنیا بھر کو کورونا جیسے موذی مرض کا سامناہے،ان حالات میں پاکستان کے تمام طبقہ جات کو متحد ہونے کی ضرورت ہے،

انہو ں نے بتایاکہ کوروناکے باعث سب سے زیادہ مسئلہ نجی تعلیمی اداروں کو درپیش ہے جبکہ رہی سہی کسر پنجاب کابینہ کے حالیہ فیصلہ نے نکال دی ہے جس میں انہوں نے نجی تعلیمی اداروں کو بچوں سے آدھی فیس وصول کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں،

ان احکامات پر نجی تعلیمی ادارو ں کو شدید تحفظات ہیں کیونکہ رواں ماہ یعنی مارچ میں بھی مکمل فیسیں وصول نہیں کی جاسکی ہیں جبکہ چھٹیوں میں آدھی فیس لینے سے چھوٹے اور کم فیسوں والے نجی تعلیمی اداروں کواپنا وجود قائم رکھنا مشکل ہوجائے گا۔

انہوں نے کہاکہ اکثر نجی تعلیمی ادارے کرائے کی عمارتوں میں ہیں ان کا ماہانہ کرایہ،یوٹیلٹی بلز،اساتذہ اور دیگر عملے کی تنخواہیں ادا کرنے کے لیے فیسوں پر ہی انحصار کیاجاتاہے، ایسے میں حکومت کو چاہیے تھا




کہ وہ نجی تعلیمی اداروں کو سہولیات دیں لیکن اب فیسیں بھی وصول کرنے سے روکنا سراسر ناانصافی ہے۔انہوں نے کہاکہ نجی تعلیمی ادارے کورونا سے بچاؤکے لیے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کو تیارہیں،اپنے سکولوں کو قرطینہ بنانے کے ساتھ ساتھ آگاہی مہم میں بھی مکمل تعاون کرنے کو تیار ہیں۔




ان کا کہنا تھاکہ پنجاب کابینہ کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے اور نجی تعلیمی اداروں کو سہولیات دی جائیں تاکہ وہ اپنے وجود کو قائم رکھتے ہوئے نئی نسل کو معیاری تعلیم فراہمی کے لیے اپنا کردار ادا کرسکیں۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل محمد اشرف ہراج،ملک دین محمد اعوان،صوبائی صدر پنجاب راجہ الیاس کیانی،




راناسہیل، جاوید اقبال راجہ،عرفان مظفر کیانی، رفاقت شاہ،عتیق الرحمن،قاسم عباس،ڈاکٹرافراہیم ستی، ذوالفقار علی صدیقی،عابد شاہ،طارق محمود،نسیم اختر و دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔




اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں