لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی جاری، مجمع لگاکر مرغا لڑانے والے گرفتار
کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے ملک بھر میں جزوی لاک ڈاؤن تو ہے تاہم شہری اس لاک ڈاؤن کو خاطر میں نہیں لارہے، لاہور میں سڑکوں پر رش، کراچی میں مجمع لگاکر مرغوں کو لڑانے والے گرفتار کرلیے گئے۔
لاہور میں آج لاک ڈاؤن کے 19ویں روز بھی شہریوں کی جانب سے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری رہا،سڑکوں پر ٹریفک زیادہ رہا اور ڈبل سواری پر پابندی کی خلاف ورزی بھی کی جاتی رہی۔
خیال رہے کہ پنجاب حکومت نے کورونا کی روک تھام کے لیے 24 مارچ سے صوبے بھر میں لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا جو 7 اپریل کو ختم ہونا تھاتاہم بعد ازاں اس میں 14 اپریل تک کی توسیع کردی گئی۔
لاہور میں آج لاک ڈاؤن کے 19 ویں روز سڑکوں پر آٹو رکشے اور پرائیوٹ گاڑیوں کی آمدورفت جاری رہی جب کہ دکانوں پر رش بھی نظر آیا۔
شہر کی بڑی سڑکوں پر پولیس کے ناکے تو لگے ہوئے ہیں تاہم وہاں بھی اہلکارچپ سادھے کھڑے رہے۔
خیال رہے کہ پنجاب میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 ہزار 410 ہوچکی ہے جن میں سے 21 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
پنجاب حکومت کے مطابق لاہور میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 396 ہوچکی ہے۔
کراچی میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر 13 افراد گرفتار
دوسری جانب کراچی میں بھی لاک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے اس دوران لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر پولیس نے 13ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
رپورٹ کے مطابق گرفتار افراد غیر قانونی کاموں میں ملوث تھے اور مجمع لگوا کر مرغوں کی لڑائی کروارہے تھے۔
واضح رہے کہ سندھ میں کورونا کے مجموعی کیسز 1318 اور ہلاکتیں 28 ہوچکی ہیں جن میں سے کراچی میں مریضوں کی تعداد 803 ہے جن میں سے 20 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔