راول چوک اور پارک روڈ پر ٹریفک منیجمنٹ سلویشن پر کام کا آغاز جلد ہو گا،علی نواز اعوان
اسلام آباد(فائزہ شاہ کاظمی بیورو چیف ) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ راول چوک اور پارک روڈ پر ٹریفک منیجمنٹ سلویشن پر کام کا آغاز جلد ہو گا،
اس منصوبے کیلئے ٹینڈر جاری کر دیا ہے۔ اتوار کو اپنے ایک بیان میں معاون خصوصی نے کہا کہ ان کا عوام سے کیا ہوا منشور کا ایک اور وعدہ عملی طور پر شروع ہونے کے قریب ہیں، روال ڈیم چوک انڈر پاس و فلائی اوور کیلئے ٹینڈر جاری کر دیا گیا ہے، اس منصوبے سے دفتری اوقات میں رش کی وجہ سے مری،
بہارہ کہو، ترامڑی چوک اور ملحقہ علاقوں سے آنے جانے والوں کو درپیش مشکلات میں آسانی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ راول چوک اور پارک روڈ کیلئے ٹریفک مینجمنٹ سلویشن پر کام کا آغاز جلد ہو گا۔ منصوبے پر کام کے آغاز کیلئے سی ڈی اے بولیاں طلب کر رہا ہے،
اس منصوبے کے تحت راول ڈیم چوک پر ایک اوور پاس اور دو انڈر پاس تعمیر کئے جائیں گے۔ یہ بولیاں سنگل سٹیج ٹو انویلپ عمل کے ذریعے پاکستان انجینئرنگ کونسل سے رجسٹرڈ تکنیکی طور پر مستحکم اور نامور فرموں سے طلب کی گئی ہیں۔
اس منصوبے پر 1246.067 ملین روپے لاگت آئے گی، یہ منصوبہ سی ڈی اے کی طرف سے شہر میں ٹریفک کے مسائل کو ختم کرنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کی ایک کڑی ہے۔
اس منصوبے کا مقصد اس اہم شاہراہ پر مستقبل کی ٹریفک کی ضروریات کو پورا کرنے کے علاوہ اس اہم ٹریفک کوریڈور پر روڈ سیکٹر ایفشینسی کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ بلا تعطل اور آرام دہ سفر اور سگنل فری ٹریفک کو یقینی بنانا ہے۔