قوم کورونا وائرس سے تحفظ کیلئے طے شدہ ضابطہ کار پرسختی سے عمل کرے،وزیراعظم عمران خان
اسلام آباد(فائزہ شاہ کاظمی سے)وزیراعظم عمران خان نے قوم پر زور دیا ہے کہ وہ مہلک کورونا وائرس سے اپنے تحفظ کیلئے طے شدہ ضابطہ کار اور رہنما اصولوں پر سختی سے عمل کرے۔
انہوں نے یہ بات ملک میں کرونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال سے متعلق صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔وزیراعظم نے کہا کہ دنیا بھر کے ماہرین اور سائنسدان تاحال اس وائرس کا علاج دریافت نہیں کر سکے اور رواں سال اس کی ویکسین بھی دستیاب نہیں ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے اقدامات کی بدولت رمضان المبارک کے دوران اشیائے خوردونوش کی فراہمی خوش اسلوبی سے جاری ہے اور قیمتوں میں بھی اضافہ نہیں ہوا۔
انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ عیدالفطر نہ منائیں کیونکہ اس بار یہ مذہبی تہوار کرونا وائرس کی وجہ سے گزشتہ
برسوں کی نسبت مختلف حالات میں آ رہا ہے اور ہمیں اس موقع پر ایک دوسرے کو اس وائرس سے بچانے کیلئے حد درجہ احتیاط سے کام لینا ہو گا اور احتیاطی تدابیر پر پوری طرح عملدرآمد کرنا ہو گا۔وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کے عوام کرونا وائرس کے موجودہ چیلنج سے ایک مضبوط قوم بن کر ابھریں گے۔