مقبوضہ کشمیر کی بھارت سے آزادی تک کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے: وزیراعظم
اسلام آباد(فائزہ شاہ کاظمی سے ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کی بھارت سے آزادی تک کشمیریوں کی جائز جدوجہدکی حمایت جاری رکھے گا۔
یوم شہدائے کشمیر پر جاری بیان میں وزیراعظم عمران خان نےکہا کہ پاکستان کشمیریوں کے استصواب رائےکے حق کے لیے ثابت قدمی سےکھڑا ہے اور پاکستان مقبوضہ کشمیرکی بھارت سے آزادی تک کشمیریوں کی جائز جدوجہدکی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرکی آزادی کا دن دور نہیں،
کشمیریوں کے آباو اجداد نسل درنسل سے آزادی کے لیے جانیں قربان کرتے آئے ہیں، آج کشمیری جرات سے ہندوتوا بالادستی کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں، ہندوتوا بالادستی کا مقصد آبادی میں تناسب تبدیل کرکےکشمیریوں کا صفایا کرنا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہندوتوا بالادستی کا مقصدکشمیریوں کی شناخت مٹانا ہے، یوم شہدائےکشمیر پربھارتی قبضے کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد کوسلام پیش کرتا ہوں، موجودہ کشمیری مزاحمت 13 جولائی 1931 کے شہدا کی جدوجہدکا تسلسل ہے۔
واضح رہےکہ کل جماعتی حریت کانفرنس کی اپیل پر آج مقبوضہ کشمیر میں یوم شہدا منایا جاریا ہے اور وادی میں مکمل ہڑتال ہے۔
یومِ شہدا کا پس منظر
آج ہی کے دن 1931 میں ڈوگرہ فوج نے 22 کشمیریوں کو فائرنگ کرکے شہیدکیا تھا، یہ شہدا عبدالقدیرخان غازی کے خلاف مقدمے پر احتجاج کے لیے جمع ہوئے تھے اور ڈوگر فوج نے سری نگر جیل کے باہر موجودکشمیریوں پر اذان دینے پرفائرنگ کردی تھی۔
کشمیریوں کی شہادت پرڈوگرہ راج کے خلاف اٹھنا کشمیریوں کی جدوجہدآزادی کی ابتداتھی اور 1931 سے اب تک کنٹرول لائن کے اطراف 13 کو یوم شہدا کے طور پر منایا جاتا ہے۔