نورِ غلامیِ مصطفی ﷺ سے اطراف و اکنافِ عالم سرشار ہیں، پیر محمدحسان حسیب الرحمن
راولپنڈی (فائزہ شاہ کاظمی بیورو چیف)عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمدحسان حسیب الرحمن نے کہا ہے کہ نورِ غلامیِ مصطفی ﷺ سے اطراف و اکنافِ عالم سرشار ہیں اور آپ ﷺ کے ذکرِ پاک کا تذکرہ ہر آنے والی گھڑی خود ربِ کریم بلند سے بلند تر فر ما رہا ہے۔ حضور نبی رحمتِ ﷺ کے دربارِاعلیٰ سے ملنے والی بہترین رہنمائی اور تربیت سے اصحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین ، تابعین، تبع تابعین ، صلحا ء و اولیائے امت مزین و سرفراز ہوئے اور مسلمانانِ عالم کی زندگیوں میں انقلاب بر پا کر کے انسانیت کو اس کی معراج پر پہنچا ڈالا۔
حضرت صدیقِ اکبر ؓ نے اسی غلامیِ رسول ﷺ کی تجدید میں زکوٰۃ میںملنے والے اونٹ کے ہمراہ اس کی رسی طلب کر کے قیامت تک آنے والی امت کو تعلیم ارشاد فرمائی کہ سب کچھ محسنِ اعظمِ انسانیت ﷺ کی غلامی میں ہے اور اسی غلامیِ رسول ﷺ کو اپنی زندگی کے آخری سانس تک نہایت مضبوطی سے تھام کر ہی امتِ مسلمہ دین و دنیا میں کامیاب ہو سکتی ہے۔ غور طلب بات ہے کہ آج اگر امتِ مسلمہ کی کشتی پریشانیوں ، تکالیف و مشکلات کے بھنور میں پھنسی ہوئی ہے تو اس کی واحد وجہ یہ ہے کہ ہم اپنے شانوں والے کریم آقا ﷺ کی غلامی میں کمزور پڑ گئے ہیں۔
آج بھی اگر امتِ مسلمہ زندگی کے ہر شعبے میں سر خرو ہونا چاہتی ہے تو اسے سچے دل اور خلوص ِ نیت سے اپنی غلامیِ رسول ﷺ کی تجدید کرنا ہو گی اور اپنی زندگی کا ایک ایک لمحہ شریعتِ مطہرہ کے تابع بسر کرنے کا عہد کرنا ہو گا۔ حضور نبی کریم ﷺ کا امتی بنا کر ربِ رحمان نے ہم ایسا احسانِ عظیم فرمایا کہ جس کی خواہش برگزیدہ نبی اور رسول بھی کرتے رہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی جامع مسجد ڈنگہ ضلع گجرات کے مقام پر منعقدہ ایک عظیم الشان محفلِ میلادِ مصطفیٰ ﷺ سے خطاب کے دوران کیاجس میں کثیر تعداد میں علمائے کرام، نعت خوانانِ عظام ، عاشقانِ مصطفی ﷺ ، عوام الناس اور خواتین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ محفل کا اختتام درود و سلام کے بعد پیر محمد نقیب الرحمن کی وطن عزیز کی سلامتی ، خوشحالی ، ترقی ، افواج پاکستان کی سر بلندی، اتحاد بین المسلمین اور پوری دنیا سے کرونا وبا کے خاتمے کیلئے خصوصی دعا پر ہوا۔