ضلع مہمند ،،مہمندقوم کے دوڑ خیل، خوگا خیل اور ماما خیل کے عوام کو شناخت سے محروم نہ کیا جائے
مہمند(افضل صافی سٹی رپورٹر)ضلع مہمند ،،مہمندقوم کے دوڑ خیل، خوگا خیل اور ماما خیل کے عوام کو شناخت سے محروم نہ کیا جائے۔ سرحد پار رہ جانے والے علاقے کے لوگوں کے شناختی کارڈ ز پر مقامی انتظامیہ اور نادرا کی جانب سے پابندی، ہزراوں محب وطن مہمند قوم پاکستانی شہریت سے محروم ہورہے ہیں۔ ہندوستان سے کراچی آنے والے مہاجروں کوپاکستانی تسلیم کیا گیا۔ مگر مہمند کے پاکستانی لوگوں کو قومی شناختی کارڈ جاری نہ کرنا سراسر نا انصافی ہے۔
بطور ایم پی اے میں دوڑ خیل، خوگا خیل اور ماما خیل کی پاکستانی مہمند تصدیق کرنے کو تیار ہوں، مہمند ضلعی انتظامیہ ویریفیکیشن اور نادرا فارم اجراء سے پابندی ہٹائے۔ بصورت دیگر متاثرہ لوگوں کے ساتھ ضلعی انتظامیہ اور نادرا کا گھیراؤ کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار قبائیلی ضلع مہمند پی کے 103سے عوامی نیشنل پارٹی کے منتخب ایم پی اے نثار مہمند نے بلوچ خان دوڑ خیل، سلیم خان خوگا خیل اور طور حاجی ماما خیل کے سربراہی میں درجنوں عمائدین کے جرگے کے ہمراہ ہفتہ کے روز مہمند پریس کلب میں ایک پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ باڑ لگنے سے دوڑ خیل، خوگا
خیل اور ماما خیل کے علاقے سرحد پار آگئے ہیں۔ حالانکہ آباؤ و اجدا کے وقت سے یہ لوگ پاکستانی شہریت کے تمام حقوق لے رہے تھے۔ اور ہمارے لوگ روزگار کی عرض سے پشاور اور ملک کے دیگر شہروں میں رہائش پذیر ہیں۔ مگر ضلع مہمند کی قومی شناخت برقرار ہے اور ہم اس شناخت سے محروم نہیں ہونا چاہتے۔ہمارے بزرگوں سے لے کر موجودہ نسل تک پاکستانی شناختی کارڈ، پاسپورٹ، ووٹ اور تمام مراعات حاصل کررہے تھے۔
مگر اب مہمند کی ضلعی انتظامیہ اور نادرا نے مذکورہ مہمند اقوام کے نئے شناختی کارڈز بنانے پر پابندی لگا دی ہے۔ جو کہ قابل افسوس اور سراسر نا انصافی ہے۔ کیونکہ علاقے کے ہزاروں لوگ اپنی مہمند قوم کی شناخت اور پاکستانی شہری کی حیثیت کھو بیٹھے ہیں۔ متاثرہ اقوام کے مشران نے کہا کہ ہم ملک کی خارجہ پالیسی اور بارڈر کے معاملے بات نہیں کررہے۔ بلکہ حسب سابق دوڑ خیل، خوگا خیل اور ماما خیل کے لوگوں کی شناختی کارڈز بنانے پر پابندی کا مطالبہ کرتے ہیں۔
قبائیلی عمائدین نے مہمند سیاسی اتحاد اور مہمند کے قومی مشران کی جانب سے مہمند برادری کے متاثرہ لوگوں کا ساتھ دینے اور یکجہتی پر شکریہ ادا کیا۔ ایم پی اے نثار مہمند نے کہا کہ بحثیت عوامی نمائندہ میں صوبائی حکومت کے ساتھ اسمبلی میں یہ معاملہ اٹھاؤنگا۔ اور مہمند ضلعی انتظامیہ اور نادرا حکام سے مطالبہ کرتا ہوں کہ آئین و قانون کے مطابق ان کو شہری حقوق دی جائے اور ویریفیکشن پابندی ہٹائی جائے۔ بصورت دیگر متاثرہ اقوام اور مہمند عوام کے ساتھ مل کر غلنئی ضلعی انتظامیہ اور نادرا کا گھراؤ کرینگے۔انہوں متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ لوگوں کے شہری حقوق پر غور کرکے امتیازی سلوک کا نشانہ نہ بنایا جائے۔