بھارت کو جعلی میڈیا و این جی اوز کے ذریعے عالمی رائے عامہ کو گمراہ کرنے پر عالمی عدالت کے کٹہرے میں کھڑا کیا جانا چاہئے، شہریار آفریدی
اسلام آباد: (راجہ فرقان احمد) چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر شہریار خان آفریدی نے کہا کہ بھارت کو عالمی رائے عامہ کو گمراہ کرنے کی کوشش پر عالمی عدالت کے کٹہرے میں کھڑا کیا جانا چاہئے کیونکہ یورپی یونین کی ڈس انفو لیب نے بھی عالمی رائے عامہ کو گمراہ کرنے کے لئے بھارت کے جعلی میڈیا آؤٹ لیٹس اور این جی اوز کے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا ہے۔ یومِ حقِ رائے دہی کے موقع پر منعقدہ سیمینار کے سامعین سے خطاب کرتے ہوئے شہریار آفریدی نے کہا کہ بھارت اب زیادہ دیر تک جموں و کشمیر پر اپنا غیر قانونی قبضہ برقرار نہیں رکھ سکتا۔
شہریار خان آفریدی نے کہا کہ کشمیری عوام اقوام متحدہ سلامتی کونسل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنی تقدیر کا آزادانہ طور پر فیصلہ کرنے کے لئے غیر جانبدارانہ اور آزادانہ رائے شماری کے انعقاد کے عہد کو پورا کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارتی توسیع پسندانہ ایجنڈے کو بے نقاب کرتا رہے گا اور یہ کہ بھارت جموں و کشمیر میں اپنے توسیع پسندانہ ڈیزائن پر دنیا کو مزید گمراہ نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ سیفران کے وزیر کی حیثیت سے انہوں نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کو پاکستان آنے کی دعوت دی تھی اور انہوں نے تنازعہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پر پاکستان کا ساتھ دینے کا وعدہ کیا تھا۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ کشمیر کمیٹی تنازعہ کشمیر سے متعلق اپنی پالیسی تیار کرنے کے لئے کشمیر کے تمام اسٹیک ہولڈرز سے رابطے کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کمیٹی میں تمام سیاسی جماعتوں کی نمائندگی موجود ہے
اور یہ کمیٹی یک آواز ہو کر مسئلہ کشمیر کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے میں مدد کے لئے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی پشتون 1948 میں بھی جموں و کشمیر کو آزادی دلوانے کے لئے کشمیری حُریت پسندوں کے ساتھ کھڑے تھے اور آج بھی پاکستانی عوام کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ہزاروں جعلی این جی اوز ، جعلی میڈیا تنظیموں اور جعلی ویب سائٹوں کو استعمال کر کے کشمیر کے بارے میں عالمی رائے کو گمراہ کررہا ہے اور یورپی یونین کی ڈس انفو لیب نے بھارت کے شیطانی عزائم کو پوری طرح بے نقاب کردیا۔ انہوں نے کہا
کہ ہندوستان کی اقلیتیں آج یہ مانتی ہیں کہ جناح نے ہندوستان کے مسلمانوں کے لئے ایک علیحدہ آزاد ریاست حاصل کرکے درست فیصلہ لیا تھا۔ مودی حکومت اپنے توسیع پسندانہ ایجنڈے کی وجہ سے پوری طرح بے نقاب ہوگئی ہے۔” آفریدی نے کہا کہ پاکستان کے جوہری پروگرام اور کشمیر پالیسی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ ہندوستان کی جعلی سوشل میڈیا ویب سائٹوں کے ذریعہ کیے جانے والے جعلی پروپیگنڈے کا مقابلہ کرنے کےلئے پاکستان کے نوجوانوں کو بلاگر اور وی لاگرز بننے کی ضرورت ہے۔