براڈ شیٹ معاملہ حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے: مریم نواز 154

براڈ شیٹ معاملہ حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے: مریم نواز

براڈ شیٹ معاملہ حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے: مریم نواز

لاہور(نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہےکہ براڈ شیٹ معاملہ حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے کیونکہ ان کا جھوٹ انہی کے سامنے آگیا۔

جیونیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ابھی عمران خان کے کچھ حواریوں کے استعفے آئے ہیں، اس سال ان شااللہ عمران خان اکیلے رہ جائیں گے، وہ اناڑی کھلاڑی ہیں، ان کے مشیروں اور وزیروں کو سمجھ آنا شروع ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات سے متعلق سرگرم رہنماؤں اور کارکنوں کو ہدایت کردی ہے ان شااللہ ضمنی الیکشن ہم جیتیں گے۔

لیگی رہنما نے مزید کہا کہ براڈ شیٹ معاملہ حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے، ان کا جھوٹ انہی کے سامنے آگیا، انہوں نے نواز شریف کے خلاف براڈ شیٹ کیس استعمال کرنےکی کوشش کی، وہ الٹا پڑگیا، اللہ نے نواز شریف کو ایک مرتبہ پھر بیگناہ ثابت کردیا، اب یہ خود پھنس گئے، یہ اتنے کرپٹ ہیں کہ انہوں نے براڈ شیٹ میں بھی کمیشن مانگی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت بےنقاب ہوچکی، لاہور خوبصورت شہر تھا، نااہل حکومت نےکچرےکا ڈھیر بنادیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے شہباز شریف اور حمزہ کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا لیکن شہباز شریف نے نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کو نہیں چھوڑا، عمران خان کو شہباز شریف سے خطرہ ہے کیونکہ وہ انہیں اپنا متبادل سمجھتے ہیں اور انہیں جس سے خطرہ ہوتا ہے وہ اسے جیل میں ڈال دیتے ہیں۔

لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان، شہباز شریف اور حمزہ کو کب تک سیاست اور انتخابی میدان سے باہر رکھ سکتے ہیں، دونوں باہر بھی آئیں گے اور سیاست بھی کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے سامنے تمام اپوزیشن پارٹیاں بھرپور احتجاج کریں گی، الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج میں بلاول بھٹو کی شرکت سے متعلق علم نہیں، پی ڈی ایم احتجاج کرے گی تو ان کو پتہ چل جائے گا،ان کے ہاتھ پاؤں اور سانسیں پھولی ہوئی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں