غذائی قلت کے شکار ماں اور بچے کی بہتر صحت اور علاج معالجہ کا پروگرام اولین ترجیح ہے،ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی
خانیوال (سعید احمد بھٹی) ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا ہے کہ غذائی قلت کے شکار ماں اور بچے کی بہتر صحت اور علاج معالجہ کا پروگرام اولین ترجیح ہے جس کے لیے محکمہ صحت سمیت متعلقہ محکمے کمیونٹی کی شمولیت کے ذریعے اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ غذائی کمی سے بچوں کو محفوظ بنا کر صحت مند معاشرے کی تشکیل کو یقینی بنایا جا سکے۔یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ مالنیوٹریشن ایڈریسنگ اور احساس نشوونما پروگرام کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے دوران کہی جو ان کی صدارت میں ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد اکرام ملک ،
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد اختر منڈھیرا،فوکل پرسن پنجاب ورلڈ فوڈ پروگرام مس عمارہ سمیت اسسٹنٹ کمشنرز ،محکمہ صحت اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ احساس نشونما پروگرام کے اہداف کو سو فیصد یقینی بنانے کے لئے سنجیدہ اقدامات بروئے کار لائے جائیں اس سلسلہ میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں ہوگی ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ماں اور بچے کی صحت کو بہتر بنانے کے لئے آگاہی سیمینارز منعقد کئے جائیں۔فوکل پرسن پنجاب ورلڈ فوڈ پروگرام مس عمارہ نے احساس نشوونما پروگرام کا تعارف،پروگرام میں شمولیت پر مالی معاونت ،بہتر صحت پروگرام، شمولیت کے لیے اہلیت،رجسٹریشن کے طریقہ کار سمیت دیگر اغراض و مقاصد بارے میں تفصیلی آگاہ کیا۔
ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر شعیب حفیظ نے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے،ماں بچے کی سکریننگ،فولک ایسڈ کی گولیاں فراہم کرنے ،ہیلتھ سیشنز کے انعقاد، سکولوں میں صاف پانی کی فراہمی ،پولٹری یونٹس ،آٹے میں آئرن فولک ایسڈ اور زنک کی شمولیت ،کچن گارڈننگ ،شادی شدہ جوڑوں میں ماں بچے کے دودھ کی اہمیت کی کونسلنگ بارے بریفنگ دی ۔ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا کہ غذائیت سے بھرپور خوراک ماں اور بچے کے لئے انتہائی ضروری ہے جس کے لیے متعلقہ محکمہ جات غذائی قلت کے شکار بچوں کی سکریننگ اور علاج معالجہ کے لیے اپنے فرائض ذمہ داری سے نبھائیں اور اس سلسلہ میں دیئے گئے اہداف کو سو فیصد یقینی بنایا جائے