ڈیرہ غازیخان کی تحصیل کوہ سلیمان میں تعلیم، صحت اور صاف پانی کے مسائل حل کرنے کیلئے الگ بجٹ دیں گے،زاہد اختر زمان
ڈیرہ غازیخان (فخرالزمان لکھیسرسے)ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا ہے کہ ڈیرہ غازیخان کی تحصیل کوہ سلیمان میں تعلیم، صحت اور صاف پانی کے مسائل حل کرنے کیلئے الگ بجٹ دیں گے. قبائلی علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور مسائل کے حل کیلئے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار خصوصی توجہ دے رہے ہیں او رآج کے دورے کا مقصد بھی مسائل کا موقع پر جائزہ اور حل تلاش کرنا ہے.
انہوں نے یہ بات ایڈیشنل انسپکٹر جنرل جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ظفر اقبال کے ہمراہ تحصیل کوہ سلیمان کے علاقے مبارکی میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہی. اس موقع پر کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد،آر پی او محمد فیصل رانا، ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز، پولیٹیکل اسسٹنٹ کوہ سلیمان محمد حمزہ سالک اور دیگر افسران موجود تھے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب زاہد اختر زمان نے کہاکہ مبارکی سمیت کوہ سلیمان کے صحت افزا مقامات کو ٹورسٹ ریزارٹ بنایا جارہا ہے. بتایاگیا کہ مبارکی فورٹ منرو سے بھی اونچائی پر واقع ہے.
صحت افزا ماحول کی وجہ سے مستقبل قریب میں مبارکی بھی سیاحت کا مرکز بنے گا. ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر مبارکی، گلکی، فورٹ منرو، بارتھی اور دیگر سات مقامات پر محکمہ ٹورازم کی زیرنگرانی سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں. ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے تھانہ مبارکی میں منعقدہ کھلی کچہری میں قبائلی عمائدین اور لوگوں کے مسائل تفصیل سے سنے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب زاہد اختر زمان اور ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال نے درخواستوں پر خصوصی احکامات جاری کیے۔
کھلی کچہری میں قبائلی لوگوں نے تعلیم، صحت، پانی کی فراہمی سمیت دیگر مسائل نوٹ کرائے۔ قبائلی علاقے میں پہنچنے پر قبائلی عوام نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری،ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب، کمشنر، آر پی او،ڈی سی اور کمانڈنٹ کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے بھائی سردار عمر خان بزدار نے قبائلی عمائدین کی جانب سے بلوچی روایات کے مطابق ایڈیشنل چیف سیکریٹری زاہد اختر زمان،ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال خان کی دستار بندی کرائی اور پگ پہنائی. افسران نے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی
جانب سے لوگوں میں گرم بستر سمیت دیگراشیاء بھی تقسیم کیں۔ کھلی کچہری میں قبائلی لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر مبارکی میں ایڈیشنل آئی جی، کمشنر،آر پی او، ڈی سی اور پولیٹیکل اسسٹنٹ کوہ سلیمان کے ساتھ آیا ہوں تاکہ آپ کے مسائل آپکی کی دہلیز پر حل ہوں۔ کھلی کچہری میں دی جانیوالی والی درخواستوں پر خصوصی احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔ ان درخواستوں کا خود فالو اپ لیتا رہوں گا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر کوہ سلیمان کی تمام محرومیوں کا ازالہ کرنے کے لیے تمام ڈویژنل وضلعی انتظامیہ سمیت دیگر افسران کی قبائلی علاقے پر خصوصی توجہ ہے۔
آپ کو شہروں میں دور کی مسافت نہیں کرنا پڑے گی۔ تمام افسران خود کوہ سلیمان میں آکر مسائل آپکی دہلیز پر حل کریں گے ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال نے کہا کہ کوہ سلیمان میں امن و امان کی مثالی صورتحال ہے۔ بارڈر ملٹری پولیس اور بلوچ لیوی کوہ سلیمان میں امن و امان کے قیام میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے انہوں نے کہاکہ قبائلی علاقوں کے سرحدی مقامات اور میدانی علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کیلئے قبائلی فورس کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا دونوں فورسز کا مقصد علاقہ میں امن وامان برقرار رکھنے کے ساتھ جرائم پیشہ عناصر کا قلع قمع کرنے ہے. انہوں نے کہاکہ دونوں فورسز نے فرائض کی انجام دہی کے دوران جانوں کے نذرانے پیش کیے.
شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا. ایڈیشنل آئی جی نے کہاکہ دونوں فورسز کا مورال بلند ہے قریبی رابطہ اور تعاون کے ذریعے امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر کیاجائے گا.اس موقع پر قبائلی لوگوں نے کوہ سلیمان میں بڑے بڑے مثالی تاریخی ترقیاتی منصوبے شروع کرانے پر بلوچی گیتوں اور موسیقی کے ذریعے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور تمام افسران کو خراجِ تحسین پیش کیا۔