پاک میڈیا جرنلسٹس فورم کے زیر اہتمام استقبال رمضان کی مناسبت سے خواتین کی ایک تقریب کاانعقاد کیاگیا جس کی مہمان خصوصی معروف سعودی صحافئ سمیرا عزیز تھی
جدہ ( نورالحسن گجر سے ) سعودی عرب کے شہر جدہ میں پاک میڈیا جرنلسٹس فورم کے زیر اہتمام رمضان المبارک کی آمد کی مناسبت سے ’’استقبال رمضان‘‘ کی ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں بڑی تعداد میں خواتین نے شرکت کی۰ ایکزیگٹو ممبر پاک میڈیا جرنلسٹس فورم ماہر غذائیت ادعیہ وہاج نے تقریب کی میزبانی کی جس کی مہمان خصوصی سعودی صحافی سمیرا عزیز تھیں۰ تقریب سے خطاب کرتے ہوۓ معروف سعودی صحافی سمیرا عزیز اور معروف دینی عالمہ عائشہ مسرور نے کہا
کہ ہمیں تجدید نیت سے رمضان المبارک کے مہینے کو ثمر آور بنانا ہے اور رمضان المبارک کا بہترین استقبال نفس کو صحیح معنوں میں تقوی کا پابند کرنا اور لوگوں کے ساتھ درگزر اور صلہ رحمی سے رشتوں اور معاشرے کو مستحکم کرنا ہے۰ یہ وہ مبارک مہینہ ہے جس کے عمدہ طریقے سے استقبال کے ساتھ ہی اجر و ثواب والے اعمال پر ہمیں زور دینا ہے ۰ ماہر غذائیت ادعیہ وہاج نے کہا کہ رمضان المبارک میں صحت مند رہنے کے لئے سحر اور افطار میں متوازن غذاؤں کے استعمال کو یقینی بنایا جاۓ اور جس قدر ممکن ہو زائد تیل اور چینی کا استعمال کم کیا جاۓ
انہوں نے مزید بتایا کہ تلی ہوئی چیزوں کے متبادل ایسے کونسے کھانے ہیں جن کے استعمال سے صحت مند جسم اور بھرپور زائقہ دونوں با آسانی ممکن ہیں۰ اور وہ لوگ جنہیں کوئی بیماری ہو، خصوصاً ذیابیطس یا دل کے امراض کے مریض، اپنے معالج کے مشورے کے مطابق دواؤں کے استعمال کے ساتھ پرہیزی کھانے کا استعمال کریں۰ متوازن غذا میں پھل، سبزی، دودھ اور دودھ سے بنی ہوئی چیزیں، گوشت، مچھلی، مرغی اور اناج ایک خاص مناسبت سے سب چیزیں کھانی چاہئیں نہ کہ صرف ایک ہی طرح کی۔ تقریب میں موجود خواتین نے اس بات پر زور دیا کہ ہم سب نے مل کر اس مبارک ماہِ رمضان جو صبر کی تلقین کرتا ہے سحری اور افطاری میں ان لوگوں کو بھی لازمی یاد رکھنا ہے جن کے پاس اس کا اہتمام نہیں ہوتا
اور اس طرح اللہ تعالی کی خوشنودی حاصل کی جائے۔ تقریب میں خواتین سمیرا عزیز ، عائشہ مسرور ، وردہ عامر، سہرش ارسلان، اصفیہ محسن، حفصہ صمد ، سلمی جہانزیب ، ریحام بلال، عائشہ عامر، مدہتِ رؤف، ندا عدنان ، زینیہ ریحان ، عنبرین فرحت، ، شفاء احمد ، آمنہ ندیم، مہوش ایاز، عرشی احمد اور دیگر خواتین نے بھرپور شرکت کی تقریب کے اختتام پر مہمان غذائیت سے بھرپور کھانوں سے لطف اندوز ہوۓ۰ آمدِ رمضان المبارک کی اس تقریب کا مقصد اس مبارک مہینہ کا مقام و مرتبہ کے شایان شان خلوص نیت روحانی عملی اور شعوری تیاری کرنا تھا۰