گرین اینڈ کلین مظفرآباد کے حوالہ سے ڈپٹی کمشنر عبدالحمید کیانی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا
مظفرآباد(پی آئی ڈی)دارالحکومت میں 3 روزہ گرین اینڈ کلین مظفرآباد کی مہم آج (منگل) سے شروع ہو گی۔ جس میں ضلعی انتظامیہ، پاک آرمی، میونسپل کارپوریشن، ایس سی او سمیت حکومتی ادارے، تاجر، پرائیویٹ سکولز کے اساتذہ و طلبہ سمیت شہری حصہ لیں گے۔ مہم کا آغاز صبح دس بجے چہلہ بانڈی سے کیا جائے گا۔ پیر کے روز گرین اینڈ کلین مظفرآباد کے حوالہ سے ڈپٹی کمشنر عبدالحمید کیانی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ایڈ منسٹریٹر میونسپل کارپوریشن خواجہ اعظم رسول، پاک فوج کے کرنل دلاور، صدر انجمن تاجران شوکت نواز میر،صدر پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن سید اشتیاق بخاری، ای پی اے کے شفیق عباسی، ٹریفک پولیس کے سید شجاع گیلانی، برقیات، آئی ٹی، پبلک ہیلتھ، تعمیرات عامہ، تعلیم کے ذمہ داران نے شرکت کی۔ اجلاس میں کرنل دلاور فوکل پرسن گرین اینڈ کلین مہم نے شرکاء کو دارالحکومت میں 3 روزہ مہم کے حوالہ سے بریفنگ دی
اور بتایا کہ شہر بھر میں مختلف اداروں اور شہریوں کے تعاون سے 3 روز تک مہم جاری رہے گی اور لوگوں میں آگاہی کے لیے مہم شروع کی جائے گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عبدالحمید کیانی نے کہا کہ شہر کو صاف ستھر ا اور خوبصورت بنانے کے لیے سب نے مل کر اپنا کردار ادا کر نا ہے۔ گرین اینڈ کلین مہم کو کامیاب بنائیں گے۔ تمام محکمہ جات مل کر اس مہم کو کامیاب بنائیں اور اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ یہ کسی ایک محکمہ یا حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ معاشرہ کے ہر فرد کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے ماحول کو صاف بنائیں۔