حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ گندم خریداری مہم میں 100 فیصد ٹارگٹ کے حصول کیلئے متحرک ہوگئ ضلع کے لئے گندم خریداری کا ہدف 2لاکھ 30 ہزار میٹرک ٹن مقرر
خانیوال (سعید احمد بھٹی) حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ گندم خریداری مہم میں 100 فیصد ٹارگٹ کے حصول کیلئے متحرک ہوگئ ضلع کے لئے گندم خریداری کا ہدف 2لاکھ 30 ہزار میٹرک ٹن مقرر کیا گیا ہے جبکہ ضلع کی تین تحصیلوں خانیوال،کبیر والا،جہانیاں میں محکمہ خوراک کے 14 گندم خریداری مراکز پر باردانہ کیلئے درخواستوں کی وصولی جاری ہے-پالیسی کے مطابق کاشتکار500 بیگ تک باردانہ سنٹر سے حاصل کر سکیں گے
جبکہ 1000 بیگ تک باردانہ جاری کرنے کا اختیار ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کو حاصل ہو گا-گندم خریداری مہم کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا-اے ڈی سی آر محمد اکرام ملک، اے سی جہانیاں بابر سلیمان چیمہ ،محکمہ زراعت و دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی-اس موقع پر ڈی ایف سی مہر اعجاز نے ڈی سی کو گندم خریداری مہم کے انتظامات بارے بریفنگ دی
-اجلاس میں گندم کی اسمگلنگ روکنے کے لئے ضلع کے خارجی راستوں پر 16 چیک پوسٹیں قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا-ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے گندم خریداری کے لئے اوپن پالیسی کا اعلان کیا ہے گندم کی قیمت1800 روپے فی 40کلوگرام مقرر کی گئی ہے-انہوں نے کہا کہ کسی آڑھتی کو گندم کی خریدو فروخت کی اجازت نہیں دی جائیگی :گندم خریداری مراکز پر کوئی شکایت برادشت نہیں کی جائے گی -انہوں نے مزید کہا کہ ضلع سے گندم باہر لے جانے پر پابندی ہو گی تمام اسسٹنٹ کمشنرز گندم خریداری مراکز کے مسلسل دورے کریں اور انتظامات کا جائزہ لیں..