پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل اور ایکن فوڈز کے درمیان معاہدہ 102

پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل اور ایکن فوڈز کے درمیان معاہدہ

پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل اور ایکن فوڈز کے درمیان معاہدہ

اسلام آباد (فائزہ شاہ کاظمی ) پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل اور ایکن فوڈز کے مابین مفاہمتی معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔ اس معاہدے کا مقصدسویا بین کے دودھ کی معیاری پیداوار ، اس کے فروغ ، سویا طوفو کی تیاری اور اس کی ویلیو ایڈیشن کے ذریعے مصنوعات کی تیاری پر باہم مل کر کام کرنا ہے ۔معاہدے پر دستخط کرنے کیلئے ایکن فوڈز کی ڈائریکٹر ڈاکٹر عاصمہ نعمانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر علی خرم نعمانی نے پی اے آرسی صدر دفاتر کا دورہ کیا جہاںانہوں نے ڈاکٹر محمد عظیم خان چیئر مین پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل اور پی اے آرسی کے دیگر اعلی عہدیداران کی موجودگی میں ڈاکٹرسلطان طارق کمپنی سیکریٹری پیٹکو پی اے آرسی کے ساتھ معاہدے پر دستخط کئے۔
ڈاکٹر محمد عظیم خان چیئر مین پی اے آرسی نے اس موقع پرمعاہدے کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ پی اے آرسی ان معاہدات کے ذریعے حفظان صحت کے اصولوں پر مبنی اشیاء خورد و نوش کو عوام تک پہچانے کے لئے پرعزم ہے۔ ان اشیاء کی تیاری پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل کے سائنسدانوں کی جانب سے ان کی زرعی تحقیق کو مد نظر رکھ کر کی جاتی ہے۔ زرعی کونسل کے سائنسدانوں کی تحقیق پر مبنی یہ اشیاء اب عام پبلک کے لئے پی اے آرسی کے مختلف ڈسپلے سینٹرز پربھی دستیاب ہیں۔پی اے آرسی اور ایکن کے درمیان معاہدسویا دودھ کی معیاری پیداوار اور اس کی ویلیو ایڈیشن کے ذریعے مختلف مصنوعات کی تیاری جیسے اقدامات بھی اسی سلسلے کی سرگرمیوں کی ایک کڑی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سویا دودھ پودوں سے آتا ہے اور قدرتی طور پر کولیسٹرول سے پاک ہوتا ہے، سویابین عمدہ پروٹین کا ذخیرہ ہے نیز سویابین غذائیت کے لحاظ سے گوشت ، دودھ ، پنیر اور انڈے سے بڑھ کر ہے۔
اس موقع پر ایکن فوڈز کی ڈائریکٹر ڈاکٹر عاصمہ نعمانی نے چیئر مین پی اے آر سی ، ڈاکٹر محمد عظیم خان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے دونوں اداروں کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط کے لیے آمادگی ظاہر کی اور انہوں نے پی اے آر سی کی ملکی زرعی شعبے کی ترقی کے لیے کی جانے والی خدمات کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کا ادارہ پی اے آرسی انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے اعتماد پر پورا اترنے کی بھر پور کوشش کرے گا اور سویابین سے تیار کردہ مصنوعات کی تیاری اور فروغ کیلئے بھرپور محنت سے کام کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں