ن لیگ نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی انتخابات کے نتائج مسترد کردیے
اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی انتخابات کے نتائج مسترد کردیے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر، ن لیگ کے سینیئر نائب صدر و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، جنرل سیکرٹری ن لیگ احسن اقبال نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی۔
لیگی رہنماؤں نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی انتخابات کے نتائج مسترد کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ عالمی ایجنڈا پورا کرنے کیلئے آزاد کشمیر کا الیکشن چوری کیا گيا۔
احسن اقبال کاکہنا تھاکہ عمران خان نے آزادکشمیر میں مینڈیٹ چرایا ہے، اب الیکشن پر احتجاج نہیں کرنا بلکہ اس رسم کو توڑنا ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ الیکشن کا عمل ریاست کے قبضےمیں ہے،عوام کا اختیار نہیں، حقیقت میں 25 جولائی کو آزادکشمیر میں جمہوریت ہاری ہے، غیرنمائندہ حکومت کس طرح کشمیرکاز کو آگے بڑھا سکے گی۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر نے انتخابات کو پیسے کا الیکشن قرار دے دیا اور الزام عائد کیا کہ پیسے کی بنیاد پر آپ لوگوں کا ایمان خریدتے ہیں جو حکومت کشمیریوں کو حق حکمرانی نہیں دینا چاہتی کیاوہ حق خودارادیت دے گی؟
خیال رہے کہ 25 جولائی کو ہونے والے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی انتخابات کے سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف نے آزادکشمیر انتخابات میں 25 نشستیں حاصل کیں جبکہ پیپلز پارٹی نے 11، مسلم لیگ ن نے 6 ، مسلم کانفرنس اور جموں وکشمیر پیپلز پارٹی نے ایک، ایک نشست حاصل کی۔