وزیرِ اعظم عمران خان نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں مختلف منصوبوں کا افتتاح کردیا
بہاولپور (بیورو رپورٹ)وزیرِ اعظم عمران خان نے بہاولپور کے دورہ کے موقع پر اسلامیہ یونیورسٹی میں نیشنل کاٹن بریڈنگ انسٹیٹیوٹ سمیت مختلف منصوبوں کا افتتاح کیا۔بدھ کو وزیرِ اعظم نے یونیورسٹی میں عالمی معیار کی تدریسی سہولیات سے آراستہ نرسنگ کالج کا افتتاح کیا، نرسنگ کالج نہ صرف خطے میں نرسنگ کے حوالے سے موجود افرادی قوت کی استعداد بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا بلکہ جنوبی پنجاب کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں مدگار ثابت ہوگا۔
وزیرِ اعظم نے کرکٹ کی فروغ کیلئے قائم کئے جانے والے اسلامیہ یونیورسٹی کے بغداد الجدید کیمپس میں کرکٹ سٹیڈیم کا افتتاح بھی کیا۔ مزید وزیرِ اعظم نے اسلامیہ یونیورسٹی کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے 2.5 میگا واٹ کے سولر منصوبے کا بھی افتتاح کیا۔
منصوبہ نہ صرف یونیورسٹی کی ضروریات کو پورا کرنے کی استعداد رکھتا ہے بلکہ اس سے ملنے والی اضافی بجلی کو میپکو کو فراہم کیا جائے گا، منصوبے سے حاصل ہونے والی بجلی کا یونٹ صرف 1.7 روپے میں میسر آئے گا اور 25 سال کی مدت میں یہ منصوبہ مجموعی طور پر قومی خزانے کو 45 کروڑ 50 لاکھ روپے کا فائدہ پہنچائے گا. یہ ناصرف دوسرے اداروں کیلئے مشعلِ راہ ہوگا بلکہ یونیورسٹی میں طلبہ کو عملی تعلیم و مشاہدے کا موقع بھی فراہم کرے گا۔
بہاولپور ڈویژن میں کپاس کی فصل کی اہمیت کے پیشِ نظر وزیرِ اعظم نے اسلامیہ یونیورسٹی میں نیشنل کاٹن بریڈنگ انسٹیٹیوٹ کا بھی افتتاح کیا. ادارہ کپاس کی فصل میں کم وسائل سے ذیادہ پیداوار پر تحقیق کے ذریعے کپاس کی کاشت میں جدتیں لا رہا ہے. تحقیق شدہ اقسام میں اب تک 40 فی صد کم پانی، 50 فی صد کم کیڑے مار ادویات کے استعمال، 35 فی صد کم مجموعی لاگت سے پیداوار میں 20 فی صد تک اضافہ کیا گیا ہے اور جسکو 40 فی صد کم لاگت سے 30 فی صد پیداوار میں اضافے تک لانے کیلئے کام جاری ہے.
اسکےعلاوہ وزیرِ اعظم نے انٹر کراپنگ ریسرچ سینٹر کا بھی افتتاح کیا جہاں ابتدائی طور پر سٹرپ انٹر کراپنگ کے ذریعے سویا بین اور مکئی کی پیداوار بڑھانے کیلئے تحقیق کی جا رہی ہے. مزکورہ تکنیک مکئی کی کاشت کو متاثر کئے بغیر سویابین کی پیداوار میں اضافے میں معاون ثابت ہوگی. سویا بین کی پیداوار میں اضافے سے کسان کی آمدن میں اضافہ، درآمدات میں کمی اور خوردنی تیل میں پاکستان کافی حد تک خود کفیل ہو سکے گا۔