پاک سرزمین پارٹی تمام اکائیوں کیساتھ ملکر مثبت سیاست کررہی ہے، زبیدہ خانم۔ 181

پاک سرزمین پارٹی تمام اکائیوں کیساتھ ملکر مثبت سیاست کررہی ہے، زبیدہ خانم۔

پاک سرزمین پارٹی تمام اکائیوں کیساتھ ملکر مثبت سیاست کررہی ہے، زبیدہ خانم۔

لندن(بیورورپورٹ)پاک سر زمین پارٹی پاکستان کی  تمام اکائیوں کے ساتھ مل کر مثبت سیاست کر رہی ہے ۔ پیپلز پارٹی لسانیت کو فروغ دے رہی ہے۔ پیپلز پارٹی ایک بار پھر شناخت کی بنیاد پر قتل و غارتگری کی خواہش مند ہے، پیپلز پارٹی نے کبھی امن کمیٹی اور کبھی جئے سندھ کا لبادہ اوڑھ کر ہمیشہ ظلم کی تاریخ رقم کی ہے، زبیدہ خانم۔

تفصیلات کے مطابق پاک سرزمین پارٹی برطانیہ کی نائب صدر زبیدہ خانم نے پارٹی چیئرمین سید مصطفیٰ کمال کے اس موقف کی مکمل حمایت کی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ جو لوگ ہمیں ایک ہونے کا مشورہ دیتے ہیں کہ مہاجر ایک ہوجائیں وہ یہ بتائیں کہ پھر پٹھان، سندھی، بلوچی اور پنجابی ایک نہیں ہونگے اور 35 سالوں سے ایک تھے تو کیا حاصل کر لیا۔ یہ ناعاقبت اندیش لوگ پھر سے حالات کو اسی جانب دھکیلنا چاہتے ہیں جب مہاجروں کو بسوں سے اتار کر شناختی کارڈ دیکھ کر مارا جاتا تھا، لیاری کے بلوچ رنچھوڑ لائن نہیں آ سکتے تھے، چکرا گوٹھ کے سندھ کورنگی نہیں جاسکتے تھے،

کٹی پہاڑی کے پٹھان بورڈ آفس نہیں آ سکتے تھے اور مہاجر ان علاقوں سے نہیں گزر سکتے تھے۔پیپلز پارٹی لسانی بنیادوں پر تمام قومیتوں کو مہاجروں کے خلاف استعمال کرتی آئی ہے،پیپلزپارٹی نے کبھی امن کمیٹی کی صورت میں تو کبھی جیے سندھ کی تحریک کے نام پر ظلم کیا ہے۔ پاک سر زمین پارٹی شرعی اور دنیاوی وجوہ کی بنا پر کبھی بھی لسانی سیاست نہیں کرئے گی۔ ہم آج جب مہاجروں کے حقوق کی بات کرتے ہیں تو اپنے سندھی، پختون، پنجابی، بلوچی بھائی کو اپنا دشمن بنا کر نہیں بلکہ اپنے ساتھ شامل کر کے اپنی طاقت بنا کر کرتے ہیں۔ حکمرانوں نے تمام قومیتوں پر ظلم کیا ہے۔ ہم نے مسائل ہی اجاگر نہیں کیئے قابل عمل حل پیش کیا جس میں تمام پاکستانیوں فائدہ ہے اور کراچی سے کشمور تک کے مسائل حل ہونگے۔ 

زبیدہ خانم نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی متعصبانہ حکومت کی وجہ سے سندھ دیگر صوبوں کے مقابلے سب سے زیادہ وسائل رکھنے کے باوجود ترقی نہیں کر سکا۔ کراچی آج رہنے کے لائق دنیا کی 4 بدترین جگہوں میں شامل ہے۔ پیپلز پارٹی کی کرپشن سے صرف مہاجروں کا نہیں بلکہ تمام قومیتوں بالخصوص سندھیوں کا سب سے زیادہ نقصان ہوا ہے۔ چند لاکھ نوکریاں دے کر کروڑوں سندھیوں سے انکے حقوق چھین لیئے گئے اور اربوں روپے اپنی جیبوں میں ڈال لیئے۔ 10 ہزار ارب سے زائد پیپلز پارٹی کی حکومت کو وفاقی حکومت سے مل کے خرچ ہو چکے لیکن صوبے کے حالات بد سے بدتر ہیں۔

مسائل کا حل ایک ہونے میں نہیں نیک ہونے میں ہے۔ جب باکردار لوگ سڑکوں پر نکل کر غلط پالیسیوں پر حکمرانوں کو للکارے گے، مسائل حل ہونا شروع ہو جائیں گے۔ زبیدہ خانم نے مذید کہا کہ عاشور کے بعد پی ایس پی پیپلزپارٹی کی تعصب زدہ حکومت کیخلاف عوامی احتجاج کرئے گی۔ اب پیپلز پارٹی کے ظلم ناقابل برداشت ہیں ۔ پاک سرزمین پارٹی کی پیش کردہ تجاویز ہی سندھیوں، مہاجروں، پختونوں اور پنجابیوں سمیت تمام قومیتوں کے مسائل کا واحد حل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں