ڈائریکٹر جنرل وفاقی واٹر مینجمنٹ سیل کفایت زمان کا دورہ آزادکشمیر 147

ڈائریکٹر جنرل وفاقی واٹر مینجمنٹ سیل کفایت زمان کا دورہ آزادکشمیر

ڈائریکٹر جنرل وفاقی واٹر مینجمنٹ سیل کفایت زمان کا دورہ آزادکشمیر

مظفرآباد (پی آئی ڈی)21 اکتوبر 2021 ء ڈائریکٹر جنرل وفاقی واٹر مینجمنٹ سیل کفایت زمان کا دورہ آزادکشمیر۔ سیکرٹری زراعت، لائیو سٹاک، آبپاشی و اسماء شاہد محی الدین قادری سے ملاقات۔ آزادکشمیر میں آبپاشی اور زراعت کے شعبہ میں جدید ٹیکنالوجی کے حامل منصوبہ جات شروع کرنے پر اتفاق۔ واٹر مینجمنٹ اور زرعی شعبہ میں جدت لا کر آزادکشمیرکو ماڈل بنانے کا بھی فیصلہ۔

ملاقات میں ڈائریکٹر جنرل آبپاشی شفیق الرحمن ڈار، ڈائریکٹر جنرل زراعت خواجہ خورشید لون، پراجیکٹ ڈائریکٹر آبپاشی بشارت حسین درانی، وفاقی واٹر مینجمنٹ انجینئرساجد الطاف، ڈائریکٹر زراعت طارق محمود بانڈے بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری زراعت و آبپاشی شاہد محی الدین قادری نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے زراعت اور آبپاشی کے شعبہ میں آزادکشمیر کے ساتھ تعاون خوش آئندہے۔ آزادکشمیر پہلے بھی اس سیکٹر کے وفاقی پروگرام میں شامل ہے

جبکہ اب اس شعبہ میں مزید تعاون سے آزادکشمیر کے اندر زرعی شعبہ میں ترقی ہوگی اور ریاست کے اندرخوشحالی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے بھی آزادکشمیر کے ساتھ اس شعبہ میں بہترین تعاون کیا ہے۔ ہم وفاقی حکومت کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے اور زراعت اور آبپاشی کے شعبہ میں جدت لا کر اس سے بھر پور استفادہ کریں گے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی ڈائریکٹر جنرل واٹر مینجمنٹ سیل کفایت زمان نے کہا کہ آزادکشمیر میں زراعت کے شعبہ میں پوٹینشل موجود ہے

جس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر کے اسے ہم ایک ماڈل کے طور پر سامنے لانا چاہتے ہیں۔ بہتر واٹر مینجمنٹ اور جدید زرعی آلات کے استعمال سے اس خطہ میں زرعی انقلاب آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں زراعت کے شعبہ کو کمرشلائز کرنے کا منصوبہ بھی ہے تاکہ یہاں کی مشہور زرعی مصنوعات اور پھلوں کو ملک بھر اور بین الاقوامی سطح پر بھی متعارف کروایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں