کالعدم جماعت کے احتجاج کے بعد وزیراعظم عمران خان نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا
اسلام آباد:(طیب خان۔سے)کالعدم جماعت کے احتجاج کے بعد وزیراعظم عمران خان نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ کالعدم جماعت کی غیر قانونی سرگرمیوں سے پیدا ہونیوالی صورتحال کے پیش نظر وزیر اعظم عمران خان نے کل قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے۔
ٹویٹر پر انہوں نے لکھا کہ اس اجلاس میں قومی سلامتی سے متعلق دیگر امور بھی زیر غور آئیں گے۔کالعدم جماعت کی غیر قانونی سرگرمیوں سے پیدا ہونیوالی صورتحال کے پیش نظر وزیر اعظم عمران خان نے کل قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے، اس اجلاس میں قومی سلامتی سے متعلق دیگر امور بھی زیر غور آئیں گے۔
یاد رہے کہ کالعدم تنظیم کے احتجاج کے باعث جی ٹی روڈ دونوں اطراف سے بند ہے، ٹریفک کی روانی بھی متاثر، رینجر اور پولیس نے سکیورٹی سنبھال لی۔
مظاہرین نے گزشتہ روز سے ہی جی ٹی روڈ کو دونوں اطراف سے بلاک کر رکھا ہے۔ دھرنے کو چاروں طرف سے ڈندا بردار مظاہرین نے گھیرے میں لیا ہوا ہے۔ کامونکی، ایمن آباد، چندا قلعہ، اندرون شہر، راہوالی جی ٹی روڈ سے روکاوٹیں ہٹالی گئیں۔ گکھڑ منڈی، وزیر آباد چوک پر بھی سیکورٹی اہلکار غائب ہیں۔
تحصیل کامونکی میں گزشتہ روز سے ہی موبائل سروس بند ہے۔ اندرون شہر میں موبائل انٹرنیٹ سروس معطل جبکہ فون کال کی سہولت موجود ہے۔ رینجرز اور پولیس نے دریائے چناب اور وزیر آباد کے بارڈر پر سیکیورٹی سنھبال لی۔ پولیس نے مظاہرین کو اندرون شہر گوجرنوالہ کی بجائے وزیر آباد اور دریائے چناب کے قریب روکنے کا منصوبہ بنالیا۔ جی ٹی روڈ سے ملحقہ تعلیمی ادارے بھی بند ہیں جبکہ جی ٹی روڈ پر ٹریفک کی روانی انتہائی کم ہے۔