ہم مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چاہتے ہیں لیکن ہم حق خود ارادیت پر کو سمجھوتہ نہیں کرینگے،بیرسٹر سلطان محمود چوھدری
اسلام گڑھ(جاوید اقبال بٹ) صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوھدری نے کہا ہے کہ ہم مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چاہتے ہیں لیکن ہم حق خود ارادیت پر کو سمجھوتہ نہیں کرینگے۔ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں تحریک وطن کا اہم کردار ہے۔ تحریک انصاف نے پاکستان میں تارکین وطن کو ووٹ کا حق دے دیا ہے بہت جلد آزادکشمیر میں بھی تارکین وطن کو یہ حق دیاجائے گا۔ میں نے ہمیشہ رواداری کی سیاست کو پروان چڑھایا۔ بطور صدر ریاست تمام لوگوں کو ساتھ لے کر چلوں گا۔ کرنل محمد معروف خان میرے پرانے ساتھی ہیں، انہوں نے راولپنڈی گالف کلب میں مجھے گالف کھیلنا سکھایا
اس لحاظ سے وہ میرے استاد ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ نمبر دو کی نامور سیاسی و سماجی شخصیت کرنل (ر)محمد معروف کی طرف سے صدر ریاست بننے کے بعد اپنے اعزاز میں دی گئی استقبالیہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس سے قبل پوٹھہ ٹاؤن پہنچنے پر بیرسٹر سلطان محمود چوھدری کا ڈھول کی تھاپ پر شاندار استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔
وزیر مال چوھدری محمد اخلاق بھی بیرسٹر سلطان محمود چوھدری کے ہمراہ تھے۔ تقریب میں حلقہ بھر سے تمام سیاسی پارٹیوں کے کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں جو نمایاں شخصیات موجود تھیں ان میں بزرگ مسلم کانفرنسی حاجی ذوالفقار علی، سابق ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل چوھدری عبدالمالک، سابق امیدوار اسمبلی حلقہ نمبر تین شہزادہ اقبال، ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی ایچ اے چوھدری محمد مشاء، ریٹائرڈ جج چوھدری محمد رشید، سابق ڈی جی اطلاعات چوھدری محمد رشید
، پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ابرار نیاز ایڈوکیٹ بھی موجود تھے۔ راجہ محمد رؤف نے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض سرانجام دیے۔ اس موقع پر میزبان محفل کرنل محمد معروف نے اپنے خطاب میں کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوھدری نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ میرے ان کے ساتھ بہت پرانے مراسم ہیں۔ میں جب سے سیاست میں آیا ہوں ان سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے۔
وہ ایک بردبار اور تحمل مزاج شخصیت کے مالک ہیں۔ سردار عبدالقیوم خان کے بعد اگر آزادکشمیر میں کوئی سیاست شخصیت ہے تو وہ بیرسٹر سلطان محمود چوھدری ہی ہیں۔ میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے میرے دعوت قبول کرتے ہوئے آج کے پروگرام میں شرکت کی اور میری عزت افزائی فرمائی۔ انہوں نے کہا کہ کاکڑہ پوٹھہ جس پر متاثرین منگلاڈیم آبادہیں ایوارڈ شدہ ہے جس سے عوام کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہوں۔ لوگوں کو اپنے گھروں کی مرمت تک کرانے کے لیے بھی محکمانہ اہلکاران کو رشوت دینا پڑتی ہے
۔ اس کے ساتھ ساتھ مختلف محکموں میں لوگوں کے ساتھ سیاسی بنیادی پر ناروا سلوک اختیار کیا جارہا ہے اس کا نوٹس لینا چاہیے۔ صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوھدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ کرنل محمد معروف کے ساتھ میری خاندانی مراسم ہونے کے ساتھ ساتھ وہ ایک طرح سے میرے استاد بھی ہیں کیونکہ راولپنڈی گالف کلب میں انہوں نے ہی مجھے گالف کھیلنا سکھایا تھا۔ میں جب وزیر اعظم تھا
اس وقت بھی رواداری کی سیاست کا قائل تھا اور جبکہ میں صدر ریاست ہوں تو میری ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں۔ میں تمام جماعتوں کے کارکنان کو ساتھ لے کر چلوں گا۔ انہوں نے کہا اس وقت مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر فلیش پوائنٹ بنا ہوا ہے۔دنیا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے ظلم و ستم کو جان چکی ہے۔ تحریک آزادی کو اجاگر کرنے میں تارکین وطن نے ہمیشہ ہی اہم کردار ادا کیا ہے۔ تقریب سے وزیر مال چوہدری اخلاق نے بھی خطاب کیا۔