بھارتی فضائیہ کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ، 11 ہلاکتیں، چیف آف ڈیفنس جنرل بپن شدید زخمی
نئی دہلی: بھارتی فوج کے پہلے چیف آف ڈیفنس جنرل بپن راوت کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کا ملٹری ہیلی کاپٹر ریاست تامل ناڈو میں کونور کے قریب گر کر تباہ ہوا، حادثے کے وقت ہیلی کاپٹر میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت، ان کی اہلیہ مدھولکا راوت اور عملے کے افراد سوار تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مقامی حکام کا کہنا ہےکہ حادثے کے نتیجے میں اب تک 11 لاشیں نکالی جاچکی ہیں جب کہ چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت حادثے میں شدید زخمی ہوئے جن کی حالت تشویشناک ہے۔
بھارتی فضائیہ کی جانب سے بھی اس حوالے سے سوشل میڈیا پر تصدیق کی گئی ہے کہ چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کا ایم آئی 17وی فائیو ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا ہے۔
انڈین ائیر فورس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
An IAF Mi-17V5 helicopter, with CDS Gen Bipin Rawat on board, met with an accident today near Coonoor, Tamil Nadu.
An Inquiry has been ordered to ascertain the cause of the accident.— Indian Air Force (@IAF_MCC) December 8, 2021
دوسری جانب بھارتی میڈیا رپورٹس میں ہیلی کاپٹر حادثے میں 7 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں کون کون شامل ہے۔
بھارتی خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے کی جگہ سے ملنے والی لاشوں کو ملٹری اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
Bodies recovered from the site of the crash (between Coimbatore and Sulur where a military chopper crashed) have been taken to Military Hospital, Wellington in Tamil Nadu: Sources
— ANI (@ANI) December 8, 2021
خیال رہے کہ بھارتی فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت اپنی مدت ملازمت پوری کرنے کے بعد 31 دسمبر 2019 کو ریٹائر ہوئے تھے لیکن مودی سرکار نے انہیں بھارت کا پہلا چیف آف ڈیفنس اسٹاف مقرر کیا تھا۔