ہشتم کے امتحان میں فرائض انجام دے رہے اساتذہ کو معاوضہ کی ادائیگی جلد ممکن بنائی جائے گی ، شبیر احمد لانگو
کوئٹہ (پ ر) گورنمنٹ ٹیچرزایسوسی ایشن کوئٹہ ڈویژن اور ضلع کوئٹہ کے مشترکہ وفد نے عظمت اللہ رئیسانی اور حاجی محمد عمر بلوچ کی قیادت میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کوئٹہ شبیر احمد لانگو سے ملاقات کی اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر تعلیم میل کوئٹہ حاجی عبدالحمید لانگو بھی موجود تھے وفد نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کوئٹہ کو جماعت ہشتم کے حالیہ امتحان میں نگران عملہ ، پیپر مارکنگ، کوڈنگ اور اسٹیشنری سمیت دیگر امورمیں فرائض انجام دے رہے اساتذہ کے معاوضہ کی ادائیگی سے متعلق اپنے تحفظات پر اظہار خیال کیا
اور کہا کہ پہلے سے مختص کردہ معاوضہ کے نوٹیفیکیشن کو بھی نظر انداز کیا گیا ہے اور تاحال اساتذہ کو کسی بھی قسم کی ادائیگی نہیں کی گئی اور نہ ہی اسٹیشنری فراہم کی گئی ہے اور نہ ہی کوئی خاطر خواہ انتظامات کئے گئے ہیں جس کی وجہ سے پیپر مارکنگ ، کوڈنگ سمیت دیگر امور میں مشکلات پیش آرہی ہیں اُنہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی متعلقہ افسران کو ساری صورتحال کی سنگینی کا بتا یا گیا ہے
مگر کوئی بھی واضع حل نہیں نکالا گیا اُنہوں نے بلوچستان ایجوکیشن اسسمنٹ کمیشن کی کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جماعت ہشتم کے امتحانی معیار سے بہتر تو سکولز کے اپنے امتحانات ہیں لاکھوں روپے امتحانی فیس کی مد میں وصول ہونے کے باوجود بھی امتحانی معیار روز بروز گراوٹ کا شکار ہورہا ہے اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کوئٹہ شبیر احمد لانگو نے وفد کو یقین دلایا کہ امتحان میں ڈیوٹی انجام دینے والے عملہ کو معاوضہ کی ادائیگی فوری طور پر ممکن بنائی جائے گی
اُنہو ں نے ڈائریکٹر تعلیمات سکولز بلوچستان کے جاری کردہ 2016 ء کے نوٹیفیکیشن سے متعلق بتایا کہ اس میں ترمیم کی گئی ہے تاہم معاوضہ کی ادائیگی کے لیے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اُنہوں نے مشکل حالات میں امتحانی ڈیوٹی و دیگر امتحانی امور انجام دینے والے اساتذہ کی تعریف کی اور اپنی جانب سے وفد کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی اس موقع پر وفد نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کوئٹہ شبیر احمد لانگو کے تعاون پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔