‘سڑکیں بند ہوچکیں، بچوں کیساتھ اندھا دھند نہ آئیں’، مری سے5 جنوری کوکی گئی اپیل
مری میں برف باری دیکھنےکی چاہ 21 افراد کی جان لےگئی جس پر پورا ملک سوگوار ہے، مری کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا ہے اور تمام داخلی راستے بند کردیےگئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر متعدد افراد نے اس حوالے سے مری آنے والوں کو خبردار کیا تھا کہ مری میں برف باری اور موسم کی شدت کے باعث مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے اس لیے محتاط رہیں۔
سوشل میڈیا پر طنزیہ ویڈیوز اپ لوڈ کرنے والی بچی شہر بانو نے بھی 5 جنوری کو ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں سیاحوں کو مری کی صورت حال کے حوالے سے خبردار کیا گیا تھا۔
مری میں موجود شہر بانو نے برف باری کے بعد کا منظر دکھاتے ہوئے اپیل کی تھی کہ ‘مری میں برف باری کا سن کر اندھا دھند مری کی طرف نہ بھاگیں، بہت زیادہ برف باری کی وجہ سے سڑکیں بند ہوگئی ہیں ، راستے کھلنے کا انتظار کریں، اپنے اور اپنے پیاروں کو مشکل میں نہ ڈالیں’۔
شہر بانو کا کہنا تھا کہ ساری سڑکیں بند ہوچکی ہیں، اس لیے جب سڑکیں کھل جائیں اور ٹریفک جام ختم ہوجائے تو پھر ہی آئیں۔
خیال رہےکہ محکمہ موسمیات کی طرف سے بھی 5 جنوری کو ملک میں جاری بارشوں اور برف باری کے حوالے سے الرٹ جاری کیا گیا تھا ،جس میں 6 اور7 جنوری کو ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیش گوئی کے ساتھ مری،گلیات،کاغان اور سوات سمیت دیگر پہاڑی علاقوں میں شدید برف باری کا الرٹ جاری کیا گیا تھا۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے پہلے ہی کہہ دیا گیا تھا کہ شدید برف باری کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہو سکتی ہیں،کشمیر،گلگت اور بالائی خیبرپختونخوا میں برفانی تودے اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ شامل تھا۔